پاکستان ٹیسٹ کرکٹ یا ریڈ بال ٹیم کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی ٹیم بہت زیادہ باصلاحیت ہے صرف اور صرف انہیں اپنی پرفارمنس میں تسلسل قائم کرنا ہوگا۔
جیسن گلیسپی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں وائٹ بال ٹیم کی سلیکشن میں شامل نہیں ہوں اس لیے میرا سارا کا سارا فوکس صرف ریڈ بال، ٹیسٹ کرکٹ پر ہوگی۔
پاکستان ٹیسٹ کرکٹ کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی کی کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں میڈیا کانفرنس میں بتایا کہ میرے لیے پاکستان آنا بہت اچھا تجربہ ہے، پاکستان کی کوچنگ کے لیے بے تاب اور خوش ہوں،مزید جیسن گلیسپی نے امید ظاہر کی کہ شاہینز کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی اچھا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم بہت زیادہ باصلاحیت اور قابل ہے لیکن انہیں پرفارمنس میں تسلسل اور بہتری لانی ہوگی، فٹنس سے متعلق جیسن گلیسپی بولے کہ اگر آپ انٹرنیشنل کرکٹر ہیں تو آپ کو فٹ اور ہمیشہ تیار رہنا چاہیے، فٹ ہونا کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے۔
جیسن گلیسپی بولے کہ گزشتہ سیزن میں پاکستان کو ہوم سیریز میں بھی شکست کا سامنا رہا ہے، مزید ریڈ بال کوچ نے بتایا کہ کچھ سیشنز میں پاکستان نے آسٹریلیا میں اچھا کھیلا، آسٹریلیا میں ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کئی بار جیتتا جیتتا ہار گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پلیئرز کی سلیکشن کے وقت اپنی مخالف ٹیموں اور کنڈیشنز کو مدنظر رکھنا ضروری ہے، جو لڑکا ڈومیسٹ کرکٹ میں اچھا کھیلے گا اور اچھی پرفارمنس دے رہا ہوگا اس کو ٹیم میں موقع دیا جائے گا۔
مزید میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ ہمارا اصل مقصد ہے، کوشش ہوگی کہ بنگلا دیش کیخلاف اچھی تیاری اور پرفارمنس دیں، پاکستان ٹیم کو فیلڈنگ میں بہت زیادہ کام اور بہتری کی ضرورت ہے، جس پر مزید کام کروں گا۔
یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم ریڈ بال کے ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اپنی ذمہ داریاں نبھانے آج ہی کراچی پہنچیں ہیں، وہ نیشنل اسٹیڈیم میں جاری پری سیزن فٹنس اور فیلڈنگ ٹریننگ کیمپ کے کھلاڑیوں سے ملاقات بھی کریں گے۔