قومی ٹیم کو ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2009ء جتوانے والے سابق کپتان یونس خان نے ٹاپ آرڈر میں بابراعظم اور محمد رضوان کو درمیانی اوورز میں تیز کھیلنے کا مشورہ دیدیا۔ کراچی کے مقامی ہوٹل میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان یونس خان نے کہا کہ پاور پلے کے بعد درمیانی اوورز قومی ٹیم کے موجودہ کپتان بابر اعظم اور سینئر بیٹر محمد رضوان کو 8 سے 9 رنز فی اوور کے رن ریٹ کو برقرار رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی ٹیم 200 رنز بناتی ہے تو وہ میچ بچانے کی پوزیشن میں ہوگی، 170 یا اس سے کم رنز بالرز کو ڈیفنڈ کرنے میں پریشانی کا سبب بن سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ‘بابر اعظم، فخر زمان، اور رضوان کو جارحانہ کھیل کی طرف آنا پڑے گا، آج کل تیز رفتاری سے زیادہ رنز بنائے جا سکتے ہیں، یہ کھلاڑیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ کیا انداز اپناتے ہیں’۔
سابق کپتان نے کہا کہ بلے بازوں کو نمبرز کے بجائے کسی بھی پوزیشنز پر بیٹنگ کرنا آنی چاہیے تاکہ مشکل وقت میں ٹیم کو سہارا دے سکیں۔ بابر کو کچھ نیا کرنے کی ضرورت ہے، انہیں کمفرٹ رون سے باہر آنا ہوگا۔ یونس خان نے مزید کہا کہ ٹیم کا مطلب ہی تمام کھلاڑیوں کی پرفارمنس ہے، کسی ایک پر بوجھ نہیں چھوڑنا چاہیے۔ واضح رہے کہ قومی ٹیم آئرلینڈ کیخلاف آج پہلے میچ سے یورپ کے دورے کا آغاز کرے گی، بعد ازاں انگلینڈ اور پھر ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے روانہ ہوگی۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ، یونس خان کا بابر اعظم، رضوان کو مڈل اوورز میں تیز کھیلنے کا مشورہ