ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ،کس ٹیم کوکتنے پیسے ملے؟

ٹی ٹوینٹی ورلڈکپ کا رنگارنگ میلہ کل اختتام پذیر ہوگیا،فائنل میں بھارت نے جنوبی افریقا کو شکست دے کر نہ صرف ٹرافی اپنے نام کی بلکے انعامی رقم کی مد میں کروڑوں روپے بھی سمیٹے۔

 تفصیلات کے مطابق برج ٹاؤن میں جنوبی افریقا کو شکست دینے پر بھارتی ٹیم کے حصے میں جہاں چمچاتی ٹرافی نظر آئی، وہیں ٹیم کے حصے میں انعامی رقم 24 لاکھ 50 ہزار ڈالر جو پاکستانی کرنسی میںتقریبا 68 کروڑ سے زائدبنتی ہے وہ بھی آئی۔

فائنل میں فتح کو چھوکر شکست سے دوچار ہونے والی جنوبی افریقا کو رنر اپ کے طور پر 12 لاکھ 80 ہزار ڈالرپاکستانی 35 کروڑ 52 لاکھ سے زائد کا حقدار قرار دیا گیا۔
ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 میں چیمپئن بھارت اور رنر اپ جنوبی افریقہ کے ساتھ دیگر مراحل میںہونے والی ناکام ٹیموں پر بھی ڈالر کی خوب برسات ہوئی۔
 سیمی فائنل ہارنے والی دونوں ٹیمیں دفاعی چیمپئن انگلینڈ اور افغانستان کے حصے میں فی کس 7 لاکھ 87 ہزار 500 ڈالر (21 کروڑ 85 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے) آئے۔
 پاکستان  پہلے گروپ سے آگے نہ بڑھنے کے باوجود 6 کروڑ 85 لاکھ روپے سے زائد رقم کی حقدار ہوگی کیونکہ آئی سی سی نے پہلے راؤنڈ کے چاروں گروپ میں تیسرے نمبر پر رہنے والی ٹیموں کے لیے فی ٹیم 2 لاکھ 47 ہزار ڈالر مختص کیے ہیں اور اس سے پاکستان کے علاوہ نیوزی لینڈ، سری لنکا اور اسکاٹ لینڈ کی ٹیمیں مستفید ہوں گی۔
ٹورنامنٹ میں 13 ویں سے 20 ویں نمبر پر رہنے والی ٹیموں کو 2 لاکھ 25 ہزار ڈالر (6 کروڑ 24 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) ملیں گے۔ اس رقم کی حقدار ٹیموں میں کینیڈا، آئرلینڈ، پاپوا نیوگنی، یوگینڈا، نمیبیا، عمان، نیدر لینڈ اور نیپال شامل ہیں۔
واضح رہے کہ ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے لیے آئی سی سی کی جانب سے مجموعی انعامی رقم ایک کروڑ 12 لاکھ 50 ہزار ڈالر رکھی گئی تھی جو میگا ایونٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ انعامی رقم ہے۔

Leave a Comment