پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں بھارت کے خلاف اہم میچ کے لیے سکواڈ میں تبدیلی کا فیصلہ کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق بھارت کے خلاف اعظم خان کو ڈراپ کر کے انجری سے نجات پانے والے آل راؤنڈر عماد وسیم کو سکواڈ میں شامل کیا جائے گا۔قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ گیری کرسٹن نے نیویارک اسٹیڈیم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے تصدیق کی کہ عماد وسیم اب مکمل فٹ اور میچ کیلیے دستیاب ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف ایک نیا میچ ہے اور ہم اچھی پلاننگ کے ساتھ میدان میں اتریں گے، کسی کی انفرادی پرفارمنس نہیں بلکہ جیت کیلیے پوری ٹیم کو جان مارنی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ پاک بھارت میچ میں دونوں ٹیموں پر فتح کا دباؤ ہوتا ہے، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ بہت ظالم فارمیٹ ہے، ایک پل میں میچ کا پانسہ پلٹ سکتا ہے، اسی وجہ سے میں بھارت کے خلاف میچ کے حوالے سے کوئی پیش گوئی کرنے کے قابل نہیں ہوں۔