پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز اگست 2024ء کے آخر تک شروع ہونے کا امکان ہے۔ بنگلہ دیش 20 اگست کو پاکستان اتر سکتا ہے اور پہلا ٹیسٹ اسی ماہ کی 25 تاریخ کو شروع ہونے کا امکان ہے۔ دوسرا ٹیسٹ ستمبر کے پہلے ہفتے میں ہو سکتا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ مجوزہ شیڈول کے مطابق کراچی اور راولپنڈی میچز کی میزبانی کریں گے۔
بنگلہ دیش اور پاکستان کرکٹ بورڈ اس وقت سیریز کے شیڈول کو حتمی شکل دینے کے لیے بات چیت کر رہے ہیں۔ قبل ازیں جیو نیوز نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹیسٹ کپتان شان مسعود، ہیڈ کوچ جیسن گلیسپی اور سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لیے پاکستانی اسکواڈ سے متعلق بات چیت شروع کر دی ہے۔ امکان ہے کہ موجودہ وائٹ بال والے کپتان بابر اعظم محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کو بنگلہ دیش کے خلاف ٹیسٹ میچوں کے لیے آرام دیا جائے گا جب کہ حارث رؤف کی ٹیم میں شمولیت پر بھی غور نہیں کیا جا رہا۔
سعود شکیل، عبداللہ شفیق، سلمان علی آغا اور سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد کو حتمی اسکواڈ میں شامل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے۔ فاسٹ باؤلنگ کے شعبے میں نسیم شاہ، شاہنواز دہانی، میر حمزہ، خرم شہزاد اور عامر جمال کی سلیکشن کے لیے غور جاری ہے۔ یہ سیریز اپریل میں اپنی تقرری کے بعد پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ کے طور پر گلیسپی کی پہلی اسائنمنٹ ہوگی اور گزشتہ سال کپتان بنائے جانے کے بعد شان مسعود کی دوسری اسائنمنٹ ہوگی۔ انہوں نے سب سے پہلے آسٹریلیا کے خلاف تین ٹیسٹ سیریز میں ٹیم کی قیادت کی جسے پاکستان نے آسٹریلیا میں 3-0 سے شکست دی