قومی کرکٹ ٹیم کے آئندہ برس وائٹ بال سیریز کیلئے دورہ نیوزی لینڈ کا شیڈول فائنل ہوگیا۔ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 5 ٹی20 اور 3 ون ڈے انٹرنیشنل میچز کی سیریز کے شیڈول کا اعلان ہوگیا ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان وائٹ بال سیریز کا آغاز ٹی20 فارمیٹ سے ہوگا جبکہ وائٹ بال سیریز 16 مارچ سے 5 اپریل 2025ء کے درمیان ہوگی۔
سیریز کا پہلا ٹی20 میچ 16 مارچ کو کرائسٹ چرچ، دوسرا 18 مارچ کو ڈنیڈن، تیسرا ٹی20 میچ 21 مارچ کو آکلینڈ، چوتھا 23 مارچ کو تاورانگا جبکہ پانچواں ٹی ٹوئنٹی 26 مارچ کو ویلنگٹن میں ہوگا۔ ون ڈے سیریز کے میچز نیپئر، ہملٹن اور تاورانگا میں 29 مارچ، 2 اپریل اور 5 اپریل کو ہوں گے۔ واضح رہے کہ کرکٹ نیوزی لینڈ نے اپنے سیزن کے شیڈول میں پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025ء کھیلنے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔ دوسری جانب نیوزی لینڈ بورڈ نے چیمپئنز ٹرافی سے قبل ملتان کھیلی جانے والی سہ فریقی سیریز ٹورنامنٹ کھیلنے کی بھی تصدیق کر دی ہے۔