پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں انگلینڈ ٹیم کے کپتان اولی پوپ نے کہا ہے کہ پاکستان ایک مضبوط ٹیم ہے،پاکستان کے خلاف بہترین پرفارمنس دینے کی کوشش کریں گے۔اتوار کو یہاں ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انگلش کپتان اولی پوپ نے کہا کہ سینئرز اور مینٹورز نے ٹیم کے لیے بہت محنت کی ہے،کھلاڑی پاکستان کے خلاف شاندار کارکردگی دکھانے کیلئے محنت کر رہے ہیں،ہماری بولنگ میں ورائٹی ہے،ہمارے پاس رائٹ اور لیفٹ آرم اسپنرز موجودہیں،جن کا فائدہ اٹھائیں گے۔
پچ اور کنڈیشنز سے متعلق پوچھے گئے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا پچ گراسی لگ رہی ہے،ان فیلڈ کنڈیشن کے مطابق اپنے باؤلرز کو استعمال کریں گے،جمی اینڈرسن نے پاکستان کے خلاف گزشتہ سیریز میں زبردست کردار ادا کیا تھا،ان کے پاس بہترین مہارت تھی،اس بار وہ نہیں ہیں مگر جو کھلاڑی موجود ہیں وہ اپنی بہترین پرفارمنس دیں گے،شعیب بشیر اور لیچ ان کنڈیشنز میں اچھا پرفارم کر چکے ہیں،فیلڈ کنڈیشن کے مطابق بولرز کو استعمال کریں گے۔
انگلش کپتان نے کہا کہ پاکستان ٹیم حال میں اچھا نہیں کھیلی لیکن پاکستان ایک مشکل ٹیم ہے،پاکستان کے بابر اعظم، شاہین آفریدی اور نسیم شاہ بڑے کھلاڑی ہیں لیکن ہمارے پلیئرز بھی محنت کر رہے ہیں اور اپنا بیسٹ رزلٹ دیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم نے گزشتہ سیریز جارحانہ کرکٹ کھیل کر جیتی تھی اور اس میں جمی اینڈرسن نے زبردست کردار ادا کیا تھا،اب اینڈرسن اور براڈ کے نہ ہونے پر ووکس کے پاس صلاحیتوں کے جوہر دکھانے کا موقع ہے،کوشش ہوگی کہ پچھلی بار کی طرح پاکستان سے یہ سیریز بھی جیتیں۔
قبل ازیں انگلش کپتان اولی پوپ نے قومی ٹیم ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے ہمراہ پاک انگلینڈ بینک الفلاح ٹیسٹ سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کی۔واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ( آج) پیر سے ملتان میں شروع ہو رہا ہے،یہ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہے،بین اسٹوکس کی انجری کے باعث پہلے میچ میں انگلش ٹیم کی قیادت اولی پوپ کررہے ہیں،پاکستان کو حال ہی میں بنگلہ دیش نے ہوم گراؤنڈ پر دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کیا تھا جب کہ انگلینڈ کی ٹیم کو سری لنکا نے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں کلین سوئپ کیا۔