پاکستان کی ٹیم انتظامیہ نے بنگلا دیش کے خلاف آئندہ دوسرے ٹیسٹ کے لیے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی کو 12 رکنی اسکواڈ سے باہر کردیا ہے۔
جمعرات کو اعلان کردہ اسکواڈ میں شان مسعود، محمد رضوان، نسیم شاہ، سعود شکیل، ابرار احمد، محمد علی، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، عبداللہ شفیق اور خرم شہزاد شامل ہیں۔
پاکستان، جو پہلے ٹیسٹ میں 10 وکٹوں کی عبرتناک شکست سے دوچار ہے، سیریز میں واپسی کیلئے اگلا میچ جیتنے کی کوشش کرے گا۔
شاہین شاہ آفریدی کی غیر موجودگی سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرنے کی کوشش کررہا ہے، ممکنہ طور پر میر حمزہ اور خرم شہزاد جیسے کھلاڑیوں کو اثر انداز ہونے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
نجم الحسن شانتو کی قیادت میں بنگلا دیش نے پاکستان کے خلاف پہلی مرتبہ ٹیسٹ جیت کر تاریخ رقم کی۔ اس جیت نے بنگلا دیش کو اہم رفتار دی ہے اور وہ دوسرے ٹیسٹ میں سیریز اپنے نام کرنے کے لیے بے تاب ہوں گے۔
پاکستان کے کپتان شان مسعود کو اب اس دھچکے پر قابو پانے اور پرعزم بنگلا دیشی ٹیم کے خلاف سیریز میں شکست سے بچنے کے لیے اپنی ٹیم کو اکٹھا کرنے کا چیلنج درپیش ہے۔ دوسرا ٹیسٹ دونوں ٹیموں کے لیے ایک اہم مقابلہ ہونے کے لیے تیار ہے۔ دوسرے ٹیسٹ میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہوچکا ہے، محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی اور اسلام آباد میں آئندہ 2،3 روز تک بارشیں جاری رہنے کا امکان ہے۔