پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے دن کا کھیل مسلسل بارش اور گیلے آؤٹ فیلڈ کے باعث منسوخ کر دیا گیا۔
موسلا دھار بارش کے باعث ٹاس میں تاخیر ہوئی اور بارش تھوڑی دیر رکنے کے بعد دونوں ٹیمیں اپنے ہوٹلوں میں موجود رہیں۔ محکمہ موسمیات نے صبح سے راولپنڈی اور اسلام آباد میں وقفے وقفے سے مون سون بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ پچ ڈھکی ہوئی تھی لیکن بارش کے باعث سٹیڈیم کا بیشتر حصہ دلدلی بن گیا۔
راولپنڈی میں بنگلا دیش کی جانب سے پہلا ٹیسٹ جیتنے کے بعد دونوں ٹیمیں اچھی کارکردگی دکھانے کے لیے میچ کل صبح شروع ہونے کی توقع کررہی ہیں۔ پاکستان نے شاہین شاہ آفریدی کو اپنے نوزائیدہ بیٹے کے ساتھ وقت گزارنے کی اجازت دیتے ہوئے اپنی ٹیم سے باہر کردیا ہے۔
کوچ جیسن گلیسپی نے کہا کہ وہ پاکستان کی حالیہ جدوجہد اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے جلد باہر ہونے کو دیکھتے ہوئے کھیل کے لیے بہترین کمبی نیشن کی تلاش میں ہیں۔
پاکستانی اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، سعود شکیل (نائب کپتان)، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، ابرار احمد، محمد علی، سلمان علی آغا، صائم ایوب، بابر اعظم، میر حمزہ، عبداللہ شفیق، نسیم شاہ، خرم شہزاد اور دیگر شامل ہیں۔ پہلے میچ میں پاکستان نے چار تیز گیند بازوں کے ساتھ تیز رفتار حملے کا انتخاب کیا، لیکن چیزیں منصوبہ بندی کے مطابق نہیں ہوئیں اور بنگلادیش کے ہاتھوں 10 وکٹوں سے شکست کا مزہ چکھنا پڑا تھا۔