پاکستان بنگلادیش ٹیسٹ میچ میں شائقین کا داخلہ بند؟

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کہا ہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوران تماشائی کو آنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 پاکستان کرکٹ بورڈ کا مؤقف ہے کہ ہم تماشائیوں کے اہم کردار کو سمجھتے ہیں جو ہماری پرجوش کرکٹ میں کردار ادا کرتے ہیں، جو ہمارے کھلاڑیوں کو حوصلہ اور ترغیب فراہم کرتے ہیں۔ تاہم، تمام آپشنز پر اچھی طرح غور کرنے کے بعد، ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا ہے کہ سب سے محفوظ طریقہ یہ ہے کہ تماشائیوں کے بغیر میچ کا انعقاد کیا جائے کیوں کہ کراچی کے اسٹیڈیم میں تزین و آرائش کا کام جاری ہے۔

دونوں ممالک کے درمیان دوسرا ٹیسٹ میچ 30 اگست سے 3 ستمبر تک کراچی میں کھیلا جائے گا۔ بورڈ کے مطابق یہ فیصلہ چیمپئنز ٹرافی 2025 سے قبل گراؤنڈ کی اپ گریڈیشن کے جاری کام کی وجہ سے کیا گیا ہے۔

اس فیصلے کے نتیجے میں میچ کے ٹکٹوں کی فروخت فوری طور پر معطل کر دی گئی ہے۔ جن شائقین نے پہلے ہی ٹکٹ خرید لیے ہیں انہیں مکمل ریفنڈ ملے گا، جو خود بخود پروسیس ہو جائے گا اور ان کے اکاؤنٹس میں واپس کر دیا جائے گا۔

پی سی بی نے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اپنے عزم کا اظہار بھی کیا کہ اسٹیڈیم 2025 میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، جو 1996 کے بعد پاکستان میں منعقد ہونے والا پہلا انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ایونٹ ہے۔ جاری اپ گریڈ اسٹیڈیم کی سہولیات کو بہتر بنانے اور اسے زیادہ مداحوں کے لیے دوستانہ بنانے کی وسیع تر کوششوں کا حصہ ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان اور بنگلا دیش کے درمیان پہلا ٹیسٹ 21 سے 25 اگست تک راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔ بنگلا دیش کی مینز کرکٹ ٹیم منگل کو ڈھاکہ سے لاہور پہنچی تھی۔ پی سی بی کے اپ ڈیٹ کردہ شیڈول کے مطابق دورہ کرنے والی ٹیم کا ٹریننگ سیشن 14 اگست سے 16 اگست تک قذافی سٹیڈیم لاہور میں ہوگا۔

Leave a Comment