پاکستان کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ باؤلر شاہین شاہ سے قومی ٹیم میں ہونے والی سرجری سے متعلق سوال کیا گیا جس کا جواب دینے سے شاہین شاہ آفریدی نے گریز کیا۔
لندن میں مقامی میڈیا سے گفتگو کے دوران شاہین آفریدی سے ٹیم سرجری بارے پوچھا گیا جس پر اسٹار فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ ٹیم سرجری سے متعلق وہ کچھ نہیں جانتے لیکن ہمیں کرکٹ میں بہت کچھ ٹھیک کرنے کی ضرورت ہے۔
دوسری جانب بھارتی ٹیم کے ورلڈچیمپئن بننے پر پاکستانی فاسٹ باؤلر شاہین آفریدی نے کہا کہ بھارت نے اچھی کرکٹ کھیلی، مزید بولے کہ جب کوئی محنت کرتا ہے تو اسے اچھا رزلٹ ملتا ہے، جو ٹیم پروسس کے ساتھ آتی ہے وہ ہر میدان میں کامیاب ہوتی ہے۔
یاد رہے کہ ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی انتہائی بری پرفارمنس پر چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا تھا کہ ٹیم میں بڑی سرجری کی ضرورت ہے۔
محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی کرکٹ اس وقت اپنی سب سے کم درجہ کی پرفارمنس پر ہے، ہمارا سب سے بڑا چیلنج ٹیم کی پرفارمنس کو بہتر بنانا ہے، قوم جلد بڑی سرجری ہوتے ہوئے دیکھے گی۔