پاکستان کرکٹ بورڈ نے لاہور میں غیر ملکی و ملکی کھلاڑیوں کو ٹھہرانے کیلئے نہایت اہم قدم اٹھاتے ہوئے قذافی سٹیڈیم کے قریب ہی ایک عمارت خرید لی ہے جسے ہوٹل میں تبدیل کیا جائے گا۔
نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق قذافی اسٹیڈیم کے بالکل قریب ایک کثیر المنزلہ عمارت تعمیر ہوئی، سیکیورٹی خدشات کے سبب پی سی بی نے اس پر اعتراض کیا۔ قانونی محاذ آرائی بھی ہوئی، اس دوران تعمیراتی کام رک گیا، بلڈر نے لوگوں سے فلیٹس کی رقوم بھی لی ہوئی تھیں، وہ پھنس جانے پر اس نے پی سی بی کو ہی عمارت خریدنے کی پیشکش کردی۔
ذکا اشرف کے حالیہ دور میں اس منصوبے پر پیش رفت ہوئی تھی، البتہ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب پی سی بی نے باقاعدہ طور پر یہ عمارت 4 ارب روپے میں خرید لی ہے، اس کا اسٹرکچر فلیٹس کا ہے، ہوٹل بنانے کیلیے تعمیراتی کام کرنا پڑے گا۔
منصوبے پر مزید خطیر رقم خرچ ہو گی، البتہ پایہ تکمیل تک پہنچنے کے بعد غیرملکی و ملکی کرکٹرز کی رہائش کا بڑا مسئلہ حل ہو جائے گا، ابھی ٹیمیں مقامی فائیو اسٹار ہوٹل میں قیام کرتی ہیں، جس پر پی سی بی کے کروڑوں روپے خرچ ہوجاتے ہیں،اسی کے ساتھ سیکیورٹی کیلیے ہوٹل سے سٹیڈیم آمد پر سڑکیں بند کر دی جاتی ہیں جس سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔