پاکستان کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے نئے شیڈول کا اعلان کر دیا، کراچی ٹیسٹ ملتان منتقل کردیاگیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 7 سے 28 اکتوبر تک ہونے والے آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے تین ٹیسٹ میچوں کے نظرثانی شدہ شیڈول کا اعلان کر دیا ہے۔ دوسرا ٹیسٹ جو اصل میں کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں 15 سے 19 اکتوبر تک پلان کیا گیا تھا اب ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
بقیہ دو ٹیسٹ اصل پروگرام کے مطابق کھیلے جائیں گے یعنی پہلا ٹیسٹ ملتان میں 7 سے 11 اکتوبر تک ہوگا اور تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں 24 سے 28 اکتوبرتک کھیلا جائے گا۔ دوسرے ٹیسٹ کو کراچی سے ملتان منتقل کر نے کی وجہ یہ ہے کہ اگلے سال ہونے والی آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کے لیے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں بڑے پیمانے پر کام جاری ہے ۔
آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے میچز لاہور کے قذافی اسٹیڈیم اور راولپنڈی کے راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں بھی کھیلے جائیں گے۔
پی سی بی انگلینڈ کی مینز کرکٹ ٹیم کے پاکستان دوبارہ آنے پر پرجوش ہے۔ ترجمان پی سی بی کا کہنا ہے کہ سیریز شیڈول میں معمولی ایڈجسٹمنٹ کے باوجود، ہم شائقین کی مدد کرنے اور اس دورے کو یاد گار بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔ ہم ایک کانٹے دار ٹیسٹ سیریز دیکھنے اور پاکستان کی مشہور مہمان نوازی کا مظاہرہ کرنے کے منتظر ہیں۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کا انگلینڈ کیخلاف ٹیسٹ سیریز کے نئے شیڈول کا اعلان