پاکستان کیخلاف ٹی 20 سیریز سے قبل اہم آسٹریلوی آل راؤنڈر ٹیم سے باہر

پاکستان کے خلاف ٹی 20 سیریز سے قبل ہی آسٹریلوی ٹیم کو دھچکا لگ گیا، آل راؤنڈر کونولی انجری کے باعث سیریز سے باہر ہو گئے۔
پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے میں چوٹ کا شکار ہونے والے آسٹریلوی آل راؤنڈر کوپر کونولی ٹی ٹوئنٹی سیریز سے باہر ہو گئے، کونولی بائیں ہاتھ کی چوتھی انگلی میں فریکچر ہونے کے باعث پاکستان کے خلاف ہوم ٹی ٹوئنٹی سیریز میں شرکت نہیں کر سکیں گے۔

کونولی ایک اہم آل راؤنڈر ہیں،آج پرتھ میں کھیلے گئے تیسرے ون ڈے میچ میں پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد حسنین کی گیند انگلی پر لگنے سے انجری کا شکار ہوئے، گیند لگنے کے بعد کونولی کو ہاتھ میں شدید درد محسوس ہوا اور وہ 7 رنز پر ہی ریٹائرڈ ہرٹ ہو گئے۔

ڈاکٹرز کی ابتدائی رپورٹ میں بائیں ہاتھ کی چوتھی انگلی میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد انہیں مکمل آرام کی ہدایت دی گئی ہے، آسٹریلوی کرکٹ بورڈ کے مطابق کوپر کونولی کل پرتھ میں ماہر ڈاکٹر سے مشورہ کریں گے تاکہ ان کی چوٹ کا مزید جائزہ لیا جا سکے اور علاج کی نوعیت کا تعین کیا جا سکے، کرکٹ آسٹریلیا کی جانب سے کوپر کونولی کی جگہ ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے متبادل کھلاڑی کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ پاکستان کے خلاف تیسرے ون ڈے میں، جس میں پاکستان نے شاندار فتح حاصل کی، کوپر کونولی کو محمد حسنین کی تیز گیند لگنے کے بعد میدان سے باہر جانا پڑا تھا، ان کی چوٹ کے باعث آسٹریلوی ٹیم کو ایک اہم کھلاڑی کے بغیر کھیلنا پڑا جس کا اثر میچ کے نتیجے پر بھی پڑا۔

خیال رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچز پر مشتمل ٹی ٹوئنٹی سیریز 14 نومبر سے 18 نومبر تک کھیلی جائے گی، سیریز کا پہلا میچ 14 نومبر کو گابا میں کھیلا جائے گا، دوسرا میچ 16 نومبر کو سڈنی کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری میچ 18 نومبر کو اوول میں کھیلا جائے گا، کونولی کی عدم دستیابی آسٹریلیا کے لیے اس سیریز میں مشکلات پیدا کر سکتی ہے

Leave a Comment