پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو اڈیالہ جیل آنے سے روک دیا

پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اڈیالہ جیل آنے سے روک دیا۔تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کو خط بھجوایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے جیل میں ملاقات پر پابندی عائد ہے۔خط کے متن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اپنا جیل کا دورہ منسوخ کردیں۔خط میں کہا گیا ہے کہ اٹک، اڈیالہ، ڈی جی خان، میانوالی جیلوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ تمام جیلوں میں دو ہفتے تک ہر قسم کی ملاقات پر پابندی عائد ہے، پولیس اور رینجرز کلیئرنس آپریشن کریں گے۔علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کردی گئی ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور کمشنر اسلام آباد نے الگ الگ اپیلیں دائر کی ہیں۔اپیلوں میں جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ اپیلوں میں بانی پی ٹی آئی اور فیصل جاوید کو فریق بنایا گیا ہے۔رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیلیں کل سماعت کے لیے مقرر کردیں، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے۔

Leave a Comment