پورا یقین ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ فائنل کھیل سکتا ہے : شاہد آفریدی

سابق کپتان شاہد آفریدی نے امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کے درمیان ایک بڑا دعویٰ کردیا۔ منگل کو پی سی بی پوڈ کاسٹ پر بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے آئی سی سی ٹی ٹونٹی رینکنگ میں چھٹے نمبر پر موجود پاکستان کے لیے امید ظاہر کی کہ وہ ورلڈ کپ فائنل کے لیے کوالیفائی کرسکے۔ واضح رہے کہ پاکستان کو حال ہی میں آئرلینڈ کے خلاف ٹی ٹونٹی میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ انگلینڈ کے خلاف چار میچوں کی سیریز بھی 0-2 سے ہار گئی تھی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ “ویسٹ انڈیز اور امریکہ کی کنڈیشنز ہمارے کھلاڑیوں کے مطابق ہوں گی۔ ہمارے اسپنرز اور فاسٹ باؤلرز اچھے ہیں اور بلے باز بھی شاندار فارم میں ہیں۔‘‘ شاہد آفریدی نے کہا کہ ایک اور اہم چیز جو پاکستان کو میچ جیتنے میں مدد دے سکتی ہے وہ ان کی فیلڈنگ ہوسکتی ہے ، انہیں ہر دستیاب موقع سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ پوری ٹیم کو بابر اعظم کو سپورٹ کرنا چاہیے ،خاص طور پر سینئرز اور کپتان کو فیصلے کرتے وقت بے خوف ہونا چاہیے۔
مجھے یقین ہے کہ پاکستان ورلڈ کپ کا فائنل کھیل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ شاہد آفریدی کو اس سے قبل انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2024ء کا سفیر نامزد کیا تھا۔ شاہد آفریدی اس پاکستانی ٹیم کا حصہ تھے جس نے 2009ء میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کا ٹائٹل جیتا تھا جبکہ 2007ء میں فائنل تک رسائی میں بھی اہم کردار ادا کیا تھا۔

Leave a Comment