بانی پی ٹی آئی (پاکستان تحریک انصاف) عمران خان نے تحریک عدم اعتماد سمیت اور کسی بھی سیاسی معاملے پر پیپلزپارٹی سے مذاکرات سے صاف انکار کردیا ہے۔
اڈیالہ جیل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک عدم اعتماد سمیت کسی بھی دوسرے معاملے پر پیپلزپارٹی سے کوئی بات نہیں ہوگی۔ پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلزپارٹی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں۔
عمران خان بولے کہ تحریک عدم اعتماد کیلئے پیپلزپارٹی سے تب بات کروں، اگر مجھے اقتدار میں آنا ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن میں کوئی فرق نہیں یہ دونوں ایک ہی ہیں، ایک سیکے کے دو رخ ہیں، عمران خان نے مزید کہا کہ دونوں پارٹیز فارم 47 کی پیداوار ہیں۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان آج کل اڈیالہ جیل میں قید ہیں، وہ 9 مئی مقدمات اور توشہ خانہ کے نئے کیسز میں گرفتار ہیں۔
کچھ عرصہ قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی بات آئی تو ہم پیپلزپارٹی سے بات کرسکتے ہیں۔ لیکن بانی پی ٹی آئی کے آج کے بیان نے پی ٹی آئی اور پی پی کے ایک پیج پر آنے کی تمام تر قیاس آرائیاں ختم کردی ہیں۔