پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے کوالیفائر میں پشاور زلمی کو شکست دیکر ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے انوکھا کارنامہ سرانجام دیدیا۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پہلے کوالیفائر میں ملتان سلطانز نے یکطرفہ مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 79 رنز سے شکست دیکر فائنل تک رسائی حاصل کی اور یوں رضوان کی قیادت میں مسلسل چوتھی بار فرنچائز نے فائنل میں پہنچنے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی پی ایس ایل کی تاریخ کے پہلے کپتان تھے جنہوں نے مسلسل 3 بار اپنی ٹیم کو ٹورنامنٹ کے فائنل تک پہنچایا۔رضوان کی قیادت میں ملتان سلطانز کی ٹیم نے سال 2021 میں ٹائٹل اپنے نام کیا جبکہ 2022 اور 2023 میں انہیں لاہور قلندرز کے ہاتھوں ایونٹ کے فائنل میں شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔واضح رہے کہ ایونٹ میں آج اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیمیں پہلے ایلیمنیٹر میں مدمقابل آئیں گی، میچ ہارنے والے ٹیم ٹورنامنٹ سے باہر ہوجائے گی جبکہ جیتنے والی ٹیم پشاور زلمی کیخلاف دوسرا ایلیمنیٹر کھیلنا ہوگا۔