پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹس میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی تیاری تیز کردی ہے۔ نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق بورڈ نے سال 24-2023ء کیلئے 4 کیٹیگریز میں 25 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ کیلئے منتخب کیا تھا، ان کرکٹرز کے معاہدے 30 جون 2024ء کو ختم ہوچکے ہیں۔ کرکٹ بورڈ نے 25-2024ء کے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے تاحال کوئی اعلان نہیں کیا ہے جس سے کھلاڑیوں میں ہلچل مچ چکی ہے۔
رپورٹس میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی تیاری شروع کردی ہے۔ اے کیٹیگری میں گزشتہ برس بابر اعظم، محمد رضوان اور شاہین شاہ آفریدی کے نام شامل تھے اور رواں برس بھی کسی بڑی تبدیلی کا امکان نہیں ہے۔
بی کیٹیگری میں ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کے علاوہ نسیم شاہ ، فخر زمان اور شاداب خان شامل ہیں۔
البتہ پچھلے سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری کا حصہ بننے والے سابق ٹیسٹ کپتان وکٹ کیپر سرفراز احمد اور فاسٹ بولر حارث رؤف کا اس جگہ رہنے کا امکان کم ہے۔ سی کیٹیگری میں عبداللہ شفیق، صائم ایوب، سعود شکیل، اُسامہ میر اور میر حمزہ کی شمولیت متوقع ہے۔ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء سے قبل اس وقت کے چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف سے مطالبات تسلیم کروانے والے کرکٹرز کیلئے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں مراعات اور مالی فوائد پچھلے کنٹریکٹ کے تناظر میں بڑھنے کا فی الحال امکان بہت کم ہے اور اس کی وجہ گزشتہ 12 ماہ کے دوران قومی ٹیم کی کارکردگی کا گراف نیچے جانا ہے۔