پی ٹی آئی کے بلے کا نشان واپس لینے کیخلاف اپیل ،نیا لارجر بینچ تشکیل

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کے بلے کے نشان کی واپسی اورعمران خان کی توشہ خانہ نااہلی کے خلاف اپیل پر سماعت کے لیے نیا لارجر بینچ تشکیل دیا ہے۔

جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں اس بینچ میں جسٹس شاہد کریم، جسٹس شہرام سرور چودھری، جسٹس جواد حسن، اور جسٹس رسال حسین شامل ہیں۔

یہ پانچ رکنی بنچ توشہ خانہ کیس میں بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کے خلاف اپیل کی سماعت 20 جون سے شروع کرے گا۔

دوسری جانب پنجاب حکومت نے لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے کیسز کی ٹرانسفر درخواستوں پر 22 لاکھ روپے جرمانے کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پراسکیوشن پنجاب آفس کی جانب سے انٹرا کورٹ اپیل دائر کی جائے گی، جس میں لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کو چیلنج کیا جائے گا۔

پنجاب حکومت نے اے ٹی سی راولپنڈی سے بانی پی ٹی آئی سمیت دیگر کی ضمانتی کیس دوسری عدالت میں منتقل کرنے کی درخواستیں دائر کی تھیں، جو کہ لاہور ہائیکورٹ نے خارج کر دیں اور حکومت پنجاب کو 22 لاکھ روپے کا جرمانہ کیا۔

اب پنجاب حکومت نے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جسے تحریری فیصلہ موصول ہونے پر دائر کیا جائے گا۔

یہ دو کیسز لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کے خلاف اہم قانونی معاملات کی حیثیت رکھتے ہیں اور ان پر ہونے والے فیصلے کا سیاسی منظر نامے پر گہرا اثر ہو سکتا ہے۔

Leave a Comment