چند دنوں میں ایل پی جی تیسری مرتبہ مہنگی کر دی گئی، لاہور سمیت مختلف شہروں میں فی کلو ایل پی جی 350 روپے کی ہو گئی، گھریلو سلنڈر بھی 1170 روپے مہنگا کر دیا گیا، اوگرا ملک کے کسی بھی علاقے میں ایل پی جی کی سرکاری قیمت کے نفاذ کو یقینی بنانے میں ناکام، مختلف شہروں میں کھلے عام مختلف قیمت پر ایل پی جی کی فروخت جاری۔
تفصیلات کے مطابق ماہ رمضان میں ایل پی جی کی بلیک مارکیٹنگ جاری ہے اور مختلف علاقوں میں سرکاری قیمت257 روپے کے برعکس قیمت 350روپے سے لے کر 410روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین عرفان کھوکھر کے مطابق پہاڑی اورو دوردراز کے علاقہ جات میں ایل پی جی 400روپے سے 410 روپے فی کلو میں فروخت کی جارہی ہے ۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق رمضان المبارک میں ایل پی جی کی قیمت میں تیسری بار اضافہ کر دیا گیا۔
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکر کے مطابق ایل پی جی کی قیمت میں 30 روپے کا ہوشرباز اضافہ کیا گیا ہے، قیمتوں میں اضافہ ایل پی جی کوٹہ ہولڈرز اور امپورٹرز کاگٹھ جوڑ ہے۔عرفان کھوکھرکا کہنا تھا کہ اوگرا نوٹیفکیشن کے بغیر تیسری بار 30روپے فی کلو گرام کا بلاجواز اضافہ کیا گیا جس کے بعد سرکاری قیمت 257روپے فی کلو جبکہ لاہور سمیت دیگر شہروں میں 350روپے فی کلو اور پہاڑی علاقوں میں 410روپے پر فروخت جاری ہے۔
قیمت میں اضافے کے بعد گھریلو سلنڈر3030روپے کی بجائے 4200روپے میں فر وخت ہو رہا ہے۔ چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے بتایا کہ گیس مافیا کے سامنے اوگرا، ایل پی جی ڈسٹری بیوٹر و دوکاندار بے بس ہیں۔ ملک بھر میں ایل پی جی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ ایل پی جی کوٹہ ہولڈرز اور امپوٹرز کا سرکاری قیمت پر ایل پی جی فروخت کرنے سے انکارکر دیا ہے۔ عرفان کھوکھر نے رمضان المبارک میں بلیک مارکیٹنگ کرنے والی کمپنیوں کے خلاف کاروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایل پی جی کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کا وزیر اعظم پاکستان سے فوری طور پر نوٹس لینے کی اپیل بھی کی اور کہا کہ رمضان المبارک میں ایل پی جی کی سپلائی کو سرکاری قیمت یقینی بنایا جائے۔