چیمپئنز ٹرافی: ای سی بی کا پی سی بی کی حمایت کا اعلان

چیمپئنز ٹرافی 2025 پاکستان میں ہی ہونی چاہیے، انگلش کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کا پاکستان میں ہونے والی انٹرنیشنل کرکٹ سے متعلق بڑا بیان۔

 مقامی میڈیا کے مطابق چیف ایگزیکٹو ای سی بی رچرڈ گولڈ نے بیان دیا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوتی دیکھنا چاہتے ہیں، پاک بھارت کرکٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاک بھارت ٹیسٹ کی اپنے ملک میں میزبانی کی بھی خواہش رکھتے ہیں۔

انہوں نے میڈیا کو مزید بتایا کہ آئی سی سی کے حالیہ اجلاس میں دونوں بورڈز (پی سی بی، بی سی سی آئی) کے حکام کا موڈ خوشگوار تھا، مسئلہ تب ہوتا ہے جب سیاست کرکٹ کا حصہ بن جاتی ہے۔

یاد رہے کہ آئندہ برس 2025 میں پاکستان کو فروری-مارچ میں چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرنی ہے، اور ہر بار کی طرح اس بار بھی بھارتی کرکٹ بورڈ اپنی ٹیم پاکستان بھیجنے میں ٹال مٹول سے کام لے رہا ہے اور اپنے میچز نیوٹرل وینیو پر منتقل کرانے کی کوشش میں ہے اور آئی سی سی پر دباؤ بھی ڈال رہا ہے۔

چیمپئنز ٹرافی میں حصہ لینے والی باقی ملکوں کی ٹیموں کو اپنے میچز کھیلنے کیلئے پاکستان آنے میں کسی طرح کا بھی کوئی مسئلہ نہیں ہے اور اب انگلینڈ نے بھی باضابطہ طور پر مکمل ایونٹ پاکستان میں ہی کھیلے جانے کی حمایت کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جسپریت بمرا کا وسیم اور وقار بارے بڑا بیان

رچرڈ گولڈ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ چیمپئنز ٹرافی کا پاکستان میں ہی انعقاد ہو اور اس حوالے سے پی سی بی کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ انگلینڈ خوشی سے پاک بھارت ٹیسٹ سیریز کیلئے میزبانی کیلئے تیار ہے۔

پاک بھارت ٹیسٹ سیریز پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر بورڈ اس میچ کی میزبانی کرنا چاہتا ہے، میں نہیں سمجھتا کہ انگلینڈ میں ایسے میچ کا انعقاد ناممکن ہے، پی سی بی، بی سی سی آئی اور دونوں ممالک کے درمیان سیاست معاضی سے چلتی آرہی ہے۔

انہوں نے میڈیا کو مزید بتایا کہ گزشتہ ہفتے آئی سی سی کی میٹنگز کیلئے ہم سری لنکا میں موجود تھے جہاں پر ہم نے پاکستان اور بھارت کے کرکٹ حکام کو ایک دوسرے کے ساتھ خوشگوار موڈ میں دیکھا، مسئلہ تب ہوتا ہے جب اس میں سیاست کا عنصر آجائے۔

 

Leave a Comment