پاکستان میں چیمپئنز ٹرافی 2025ء کی میزبانی کو لیکر ایک مرتبہ پھر بھارت نے منفی پروپیگنڈا پھیلانا شروع کردیا۔ چیمپئنز ٹرافی کے سلسلے میں پاکستان کے دورے پر آئے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے وفد پاکستان میں سکیورٹی سمیت سٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن پر اطمینان کا اظہار کیا تھا تاہم ’ایکسپریس نیوز‘ کے مطابق بھارتی میڈیا نے جھوٹی خبریں پھیلانا شروع کردی ہیں کہ آئی سی سی وفد نے پاکستان میں ایونٹ کی میزبانی کو لیکر تشویش ظاہر کی ہے۔
پاکستان دورے پر آئے وفد میں آئی سی سی کی سینئر مینجر ایونٹس سارہ ایڈگر، ایونٹ مینجر و چیمپئنز ٹرافی ایونٹ لیڈ عون محمد زیدی، جنرل منیجر کرکٹ وسیم خان، سکیورٹی منیجر ڈیوڈ مسکر اور براڈ کاسٹ کنسلٹنٹ منصور منج شامل تھے۔
آئی سی سی کے وفد نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے بھی ملاقات کی، جس میں انہیں سٹیڈیمز کی اَپ گریڈیشن، سکیورٹی پلانز سمیت شائقین کرکٹ کو فراہم کی جانے والی سہولیات سے بھی آگاہ کیا گیا۔
دوسری جانب بھارت نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025ء کیلئے تاحال اپنی بھیجنے سے متعلق کوئی اعلان نہیں کیا ہے جس کی وجہ سے ٹورنامنٹ کا شیڈول تاخیر کا شکار ہے۔ واضح رہے کہ چیمپئنز ٹرافی اگلے برس فروری اور مارچ میں شیڈول ہے جس میں ٹاپ 8 ٹیمیں حصہ لیں گی اور قومی ٹیم ٹائٹل کا دفاع کرے گی۔
چیمپئنز ٹرافی 2025ء : بھارت نے آئی سی سی وفد کے دورہ پاکستان سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلانا شروع کردیں