ڈرائیونگ ٹیسٹ کیلئے نئی سہولت متعارف

پنجاب بھر میں رکشہ ڈرائیورز کیلئے ایک نئی سہولت متعارف کروا دی گئی ہے جس سے انہیں لائسنس حاصل کرنے میں مزید آسانی ہو گی۔
ذرائع کے مطابق اب رکشہ ڈرائیورز ہر اتوار کو مناواں لائن سمیت صوبے کی تمام مین لائسنسنگ برانچوں میں ڈرائیونگ ٹیسٹ دے سکیں گے۔

ترجمان سٹی ٹریفک پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیورز اب کسی قطار کا سامنا کیے بغیر لائسنس کیلئے درخواست دے سکیں گے، کیونکہ پہلی بار ملک بھر میں رکشہ ڈرائیورز کیلئے خصوصی کاؤنٹرز اور مخصوص دن مختص کیے گئے ہیں۔یہ اقدام ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی کے بارے میں آگاہی فراہم کرنے کیلئے کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ رکشہ ڈرائیورز کو ٹیسٹ سے پہلے ٹریفک قوانین اور روڈ سیفٹی پر لیکچر بھی دیا جاتا ہے، جس سے ان کی ڈرائیونگ کی مہارت اور سلیقے میں بہتری آتی ہے۔اب تک 11 ہزار سے زائد رکشہ ڈرائیورز اس مہم سے فائدہ اٹھا چکے ہیں۔

ایڈیشنل آئی جی ٹریفک کا کہنا ہے کہ کمرشل گاڑیوں کے ڈرائیورز کیلئے سوموار، منگل اور بدھ کو ٹیسٹ منعقد کیے جائیں گے۔ لائسنس کے حصول کے بعد رکشہ ڈرائیورز ٹریفک قوانین کی مکمل پیروی کرتے ہوئے بااعتماد طریقے سے گاڑی چلا سکیں گے۔یہ لائسنس نہ صرف ان کی خود اعتمادی کی علامت ہوگا بلکہ ٹریفک کی شفافیت اور میرٹ پر لائسنس کی فراہمی کو بھی یقینی بنائے گا۔

اس احسن اقدام کے اٹھائے جانے پر رکشہ یونین کے عہدیداروں نے ایڈیشنل آئی جی مرزا فاران بیگ کی کاوشوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے سے رکشہ ڈرائیورز کے مسائل حل ہوئے ہیں۔ حکومت پنجاب اور ٹریفک پولیس کی اس خصوصی کاوش کی بدولت رکشہ ڈرائیورز کی زندگی آسان ہو گی۔

خیال رہے کہ رکشہ ڈرائیونگ ٹیسٹ کی نگرانی ڈی ایس پی ٹریفک، ایم وی اوز، اے سی اور اے ڈی سی کی زیر نگرانی کی جاتی ہے

Leave a Comment