ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کی شناخت

 ایف بی آئی نے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فائرنگ کرنے والے حملہ آور کی شناخت ظاہر کر دی۔

امریکی ٹی وی کے مطابق حملہ آور کی عمر 20 سال ہے جبکہ اس کا نام تھامس میتھیو کروکس ہے۔ تھامس میتھیو پنسلوینیا کے علاقے بیتھل پارک کا رہائشی ہے۔

حملہ آور تھامس میتھیو کروکس ٹرمپ کی جماعت ری پبلکن کا رجسٹرڈ ووٹر تھا۔ تھامس میتھیو کروکس نے ٹرمپ کی انتخابی مہم کے لیے 15 ڈالر عطیہ بھی دیا تھا۔ تھامس میتھو کروکس 2022 میں بیتھل پارک ہائی سکول سے گریجوایشن کیا، پہلی بار ووٹ کاسٹ کرنا تھا۔

یاد رہے سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ قاتلانہ حملے میں زخمی ہوگئے تاہم حملہ آور کو موقع پر مار دیا گیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق کہ سابق امریکی صدر پنسلوینیا میں منعقد ریلی کے شرکا سے خطاب کیلئے موجود تھے، اچانک فائرنگ کا واقعہ پیش آیا، گولی ڈونلڈ ٹرمپ کے کان کو چھوتی ہوئی نکل گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گولیوں کی آواز سنائی دینے کے بعد ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے دائیں کان کو ہاتھ لگایا اور پھرتی سے نیچے جھک گئے۔

اس دوران انتخابی ریلی میں بھگدڑ مچ گئی اور لوگ جان بچانے کے لئے بھاگنے لگے تاہم چند ہی لمحے بعد سابق امریکی صدر ٹرمپ کھڑے ہوئے حامیوں کی طرف دیکھ کر فضا میں مکا لہرایا۔

واقعے کے بعد سیکیورٹی اہلکار ڈونلڈ ٹرمپ کو اپنے حصار میں لے کر موقع سے چلے گئے جبکہ انتخابی ریلی فوری طور پر ختم کر دی گئی۔ فائرنگ کے نتیجے میں حملہ آور کے علاوہ ریلی میں موجود ایک شہری بھی ہلاک ہوا اور دو افراد شدید زخمی ہوئے۔

سیکریٹ سروس کے ترجمان انتھونی گگلیلمی نے واقعے پر بتایا کہ ہمارے ایجنٹس نے حملہ آور کو موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا، جب کہ سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ حملے میں محفوظ رہے، فائرنگ کے واقعے کی تحقیقات ایف بی آئی کی نگرانی میں جاری ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ پنسلوینیا میں فائرنگ کے واقعے پر فوری رد عمل دینے پر میں سیکرٹ سروس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے ریلی میں ہلاک ہونے والے شخص کے خاندان کے ساتھ تعزیت کی اور کہا کہ یہ ناقابل یقین ہے کہ ہمارے ملک میں ایسی حرکت ہو سکتی ہے، جب کہ گولی چلانے والے کے بارے میں اس وقت کچھ معلوم نہیں جو جوابی حملے میں ہلاک ہوچکا ہے۔

ٹرمپ کا مزید کہنا تھا کہ مجھے فوری طور پر کان میں کچھ محسوس ہوا، مجھے لگا کہ کچھ غلط ہوا ہے، لیکن بہت زیادہ خون بہنے کے بعد مجھے اندازہ ہوا کہ ایک گولی میرے کان کے اوپر کے حصے میں لگی۔

Leave a Comment