کمشنر کراچی نے آٹے کی قیمت میں کمی کرتے ہوئے شہر میں 120 گرام نان کی قیمت 17 روپے اور 100 گرام چپاتی کی قیمت 12 روپے مقرر کردی ہے۔کمشنرکراچی اور کنٹرولر جنرل پرائسز اینڈ سپلائیز سید حسن نقوی نے آٹا، چینی، روٹی اور چپاتی کی قیمتوں میں کمی کا فیصلہ کرتے ہوئے نان کی نئی قیمتیں مقرر کر دی ہیں، جن کے نوٹیفکیشن علیحدہ علیحدہ جاری کر دیے گئے ہیں۔کراچی میں فی کلو آٹے کی ریٹیل قیمت 98 روپے، ہول سیل قیمت 93 روپے اور ایکس فلور ملز ڈھائی نمبر آٹے کی قیمت 90 مقرر کی گئی ہے، فائن چکی آٹے کی فی کلو ایکس مل قیمت 117 روپے، ہول سیل فائن آٹے کی قیمت 120روپے کلو، ریٹیل فائن آٹے کی قیمت 125 روپے فی کلو اور چکی کے آٹے کی قیت فی کلو123 روپے مقرر کر دی گئی ہے۔
کمشنر نے چینی کی نئی قیمت بھی مقرر کر دی ہے، جس کے مطابق چینی کی ہول سیل میں فی کلو قیمت 137روپے، ریٹیل قیمت 140 روپے کلو مقرر کردی ہے، اس وقت مارکیٹ میں چینی 150 روپے فی کلو فروخت ہورہی ہے۔نو ٹیفکیشن کے مطابق کمشنر نے کراچی میں 120 گرام تندوری نان کی قیمت 17 روپے، 100 گرام چپاتی کی قیمت 12 روپے مقرر کردی ہے۔قبل ازیں کمشنرکراچی کی زیر صدارت ان کے دفتر میں منعقدہ الگ، الگ اجلاسوں میں تینوں اشیا کی قیمتوں کا جائزہ لیا گیا، جہاں تمام ڈپٹی کمشنرز، بیورو آف سپلائی محکمہ فوڈ کے افسران، صارفین کی تنظیموں کے نمائندوں اور تمام اشیا کی نمائندہ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں نے شرکت کی اور مذکورہ اشیا کی قیمتیں ان کی مشاورت اور تعاون سے مقرر کر دی گئی ہیں۔