کینیڈا جانے کی ضد پر بیٹے کا ماں پر خونی وار

بھارت میں کینیڈا جانے کی اجازت نہ ملنے پر بیٹے نے اپنی ماں کو چاقو کے وار سے قتل کر دیا۔
یہ افسوسناک واقعہ بھارتی ریاست ہریانہ کے مولربند گاؤں میں پیش آیا جہاں 31 سالہ کرشن کانت نے اپنی والدہ گیتا کو خونی حملے میں موت کے گھاٹ اتار دیا۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کرشن کانت بے روزگار تھا اور نشے کا عادی ہونے کے ساتھ ساتھ کینیڈا جا کر نوکری کرنے کا خواہشمند تھا،مگر اس کے والدین کی جانب سے اسے ملک چھوڑنے کی اجازت نہیں مل رہی تھی،والدین کا اصرار تھا کہ وہ پہلے شادی کر لے، جس پر ماں بیٹے کے درمیان آئے دن جھگڑے ہوتے رہتے تھے۔

پولیس کے مطابق 6 نومبر کو بھی ماں اور بیٹے کے درمیان کینیڈا جانے کے معاملے پر بحث چھڑ گئی،جس کے نتیجے میں کرشن طیش میں آ کر اپنی 50 سالہ ماں گیتا پر چاقو سے حملہ آور ہو گیا اور اسے زخمی حالت میں چھوڑ کر فرار ہو گیا۔

بعد میں کرشن نے اپنے والد سرجیت سنگھ کو فون کر کے گھر آنے کو کہا،جب سرجیت گھر پہنچے اور پہلی منزل پر پہنچے تو انہوں نے اپنی بیوی کو خون میں لت پت پایا،جنہیں فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا،لیکن ڈاکٹروں نے گیتا کو مردہ قرار دے دیا۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فرار ہونے والے کرشن کو گرفتار کر لیا اور اس کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے۔

Leave a Comment