محکمہ موسمیات نے رواں ہفتے ملک بھر میں گرمی کی شدت میں کمی اور بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
26 جون سے یکم جولائی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں بارشیں ہوں گی جبکہ آندھی چلنے کے باعث کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے۔ محکمہ موسمیات نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق، سندھ کے علاقے عمرکوٹ، میرپور خاص اور کراچی میں 26 جون سے یکم جولائی کے دوران گرج چمک کے ساتھ چند مقامات پر موسلادھار بارش متوقع ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، جہلم اور چکوال میں 27 جون سے یکم جولائی تک تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ کئی مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔
بہاولپور، لودھراں اور مظفرگڑھ میں 26 جون سے 30 جون کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور کشمیر میں 28 جون سے یکم جولائی تک تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے جبکہ کشمیر کے چند مقامات پر موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
خیبر پختونخوا کے چترال، سوات، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں 28 جون سے یکم جولائی تک گرج چمک کے ساتھ بارش ہو سکتی ہے۔
بلوچستان کے لسبیلہ اور خضدار میں 26 جون سے 28 جون کے دوران تیز ہوا اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ 28 سے 30 جون تک تیز بارشوں کے بعد اسلام آباد، راولپنڈی اور نارووال میں اربن فیلڈنگ کا خدشہ ہے۔
آندھی چلنے کے باعث روز مرہ کے معمولات متاثر ہونے اور کمزور انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچنے کا بھی امکان ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
عوام کو بھی ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اس دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور محکمہ موسمیات کی طرف سے جاری کردہ تازہ ترین معلومات پر عمل کریں۔
اس ہفتے موسم کی تبدیلی کے پیش نظر شہریوں کو اپنی حفاظت کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔