“گھر میں راشن کا ایک دانہ نہیں”

“گھر میں راشن کا ایک دانہ نہیں” ، لاہور میں غربت سے تنگ شخص نے بیوی بچوں سمیت پورے خاندان کو زہر دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں انتہائی دلخراش واقعہ پیش آنے کا انکشاف ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق لاہور کے علاقے شاہدرہ میں رہنے والا غریب شخص اپنی غربت کی وجہ سے تنگ آ کر انتہائی قدم اٹھانے پر مجبود ہو گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہدرہ ٹاون میں رہائش پذیر غریب شخص غربت کی وجہ سے اپنے پورے خاندان کو موت کے منہ میں دھکیلنے کی کوشش کرنے پر مجبور ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے خود، بیوی بچوں سمیت گھر کے 7 افراد کو زہریلی گولیاں کھلا دیں۔ گھر کے 7 افراد کی حالت بگڑنے پر انہیں فوری ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے زہریلی گولیاں کھانے والے خاندان کو موت کے منہ میں جانے سے بال بال بچا لیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق زہریلی گولیاں کھانے والے خاندان کے تمام افراد کی حالت اب خطرے سے باہر ہے۔ پولیس کے مطابق حالت بہتر ہونے پر اپنے خاندان کو زہر کی گولیاں کھلانے والے شخص سے جب بیان لیا گیا تو اس نے بتایا کہ اس کے گھر میں راشن کا ایک دانہ بھی نہیں تھا۔ جبکہ 7 ماہ سے گھر کا کرایہ ادا کرنے سے بھی قاصر تھا اسی باعث اپنی غربت سے تنگ آ کر ناصرف خود زہریلی گولیاں کھا لیں، بیوی اور بچوں کو بھی زیریلی گولیاں کھلا دیں۔

Leave a Comment