پولینڈ میں ’’سلپ‘‘ ہونے پر پاکستان ہاکی ٹیم کے 3 کھلاڑیوں اور فزیو پر تاحیات پابندی عائد کردی گئی۔
سیکرٹری پی ایچ ایف اولمپئین رانا مجاہد علی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اطلاع ہے کہ ان کھلاڑیوں نے سیاسی پناہ کے لئے درخواست دی ہے۔انہوں نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں کو ایشین چیمپئنز ٹرافی کی تیاریوں کے لیے کیمپ میں مدعو کیا گیا۔ مرتضیٰ یعقوب، احتشام اسلم اور عبدالرحمٰن تینوں کھلاڑی ٹیم کے ہمراہ تھے۔ رانا مجاہد علی نے کہا کہ تینوں کھلاڑیوں نے لیٹر لکھ کر کیمپ میں آنے سے معذرت کی۔ اطلاع کے مطابق تینوں کھلاڑی بغیر این او سی کے بیرون ملک گئے لہذا کانگریس کی منظوری سے تینوں کھلاڑیوں اور فزیو وقاص پر تاحیات پابندی لگادی گئی ہے۔سیکرٹری پی ایچ ایف نے کہا کہ ہم ان کھلاڑیوں کے معاملے پر مزید کارروائی کے لئے وزارت داخلہ کو خط لکھیں گے، بیرون ملک جانے والے کھلاڑی اذلان شاہ کپ سے پہلے کراچی کے کیمپ کا حصہ تھے۔