یکم رمضان سےخیبر پختونخوا حکومت کا صحت کارڈ بحال کرنے کا اصولی فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے یکم رمضان سے صحت کارڈ بحال کرنے کا اصولی فیصلہ کرلیا، صحت کارڈ کی بحالی کا فیصلہ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا،صحت کارڈ کی بحالی کے لیے اسٹیٹ لائف انشورنس کمپنی کو فوری طور پر 5 ارب روپے جاری کر دیے گئے ہیں،وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ صحت کارڈ عوامی فلاح و بہبود کا اہم منصوبہ ہے، اس کو ہر حال میں جاری رکھا جائے گا اور اسٹیٹ لائف کے بقایاجات کی ادائیگی کے لیے ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔مئی 2023 میں پی ٹی آئی حکومت کا فلیگ شپ ہیلتھ پروگرام فنڈز کی عدم دستیابی کی

وجہ سے معطل کر دیا گیا تھا جس کی وجہ سے شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑا تھا جو مختلف نجی اسپتالوں میں مفت علاج کروا سکتے تھے۔ صحت کارڈ کی سہولت بحال کرنے کا اعلان تحریک انصاف کے رہنما علی امین گنڈاپور کے آزاد امیدوار کی حیثیت سے خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ منتخب ہونے کے بعد سامنے آیا ہے۔

پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ تمام امیدواروں نے 2024 کے انتخابات میں آزاد حیثیت سے حصہ لیا تھا کیونکہ ان کی پارٹی کا نشان جعلی انٹرا پارٹی انتخابات کی وجہ سے واپس لے لیا گیا تھا۔

صحت کارڈ کی سہولت یکم رمضان 2024 سے صوبے کے تمام مستقل رہائشیوں کو دستیاب ہوگی جس کا آغاز 12 مارچ سے متوقع ہے۔

Leave a Comment