اکستان سپر لیگ کے راؤنڈ کے آخری میچ میں ملتان سلطانز کے کھلاڑی افتخار احمد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر جیسن روئے سے الجھ پڑے۔گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بیٹر جیسن روئے آؤٹ ہوئے تو افتخار احمد نے انہیں ہاتھ سے اشارہ کیا اور جملے کسے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جیسن روئے پویلین جانے کے بجائے افتخار کی طرف آئے اور ان کو جواب دیا۔ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان نے بیچ میں آ کر معاملہ رفع دفع کروایا۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ سندھ پریمیئر لیگ میں افتخار احمد نے اسد شفیق کی وکٹ لے کر جارح مزاجی کا مظاہرہ کیا تھا۔آؤٹ ہونے سے قبل اسد شفیق نے افتخار احمد کو ایک چھکا اور ایک چوکا لگایا تھا جس کے بعد افتخار احمد نے اسد شفیق سے بدتمیزی پر معافی مانگ لی تھی۔افتخار احمد کے مطابق میں اپنے رویے پر نہایت ہی معذرت خواہ ہوں، مجھے اس طرح کی حرکت نہیں کرنا چاہیے تھی۔گزشتہ روز کراچی میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 79 رنز سے شکست دی تھی۔
دوسری جانب افتخار احمد پر ضابطہ اخلاق کی لیول 1 کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، امپائرز کا کہنا ہے کہ افتخار کو کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا۔اس قانون کے تحت زبان، حرکات یا اشاروں کا استعمال جو توہین آمیز یا میچ کے دوران کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے پر جارحانہ ردعمل کو جنم دے۔افتخار احمد نے میچ ریفری کے جرمانے کو قبول کرلیا جس کے باعث واقعے کی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی۔