اساتذہ کی کمی، پنجاب بھر میں عارضی بھرتیوں کا فیصلہ

پنجاب میں اساتذہ کی کمی کے باعث صوبے بھر میں عارضی بھرتیوں کا فیصلہ کرلیا گیا۔ ہم نیوز کے مطابق پنجاب بھر کے سکولوں کو اس وقت تقریباً سوا لاکھ اساتذہ کی کمی کا سامنا ہے، ان سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لئے حکمت عملی ترتیب دے دی گئی ہے، جس کے تحت پہلے مرحلے میں سکول کونسلز کے ذریعے 30 ہزار عارضی اساتذہ رکھے جائیں گے، ان عارضی اساتذہ کو ڈیلی ویجز کی بنیاد پر ادائیگیاں کی جائیں گی، واجبات کی ادائیگی سکول کونسل کی منظوری سے کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سکول کونسل کو اضافی فنڈز جاری کیے جائیں گے، سکول کونسلز خود سے بھی تعلیمی اداروں کے لیے فنڈز کا بندوبست کرسکتی ہے جب کہ مستقل اساتذہ کی بھرتی کا فیصلہ کابینہ کی منظوری کے بعد کیا جائے گا، تاہم اس حوالے سے پنجاب ٹیچرز یونین کا موقف ہے کہ عارضی اساتذہ کی بھرتی سے تعلیمی نظام میں بہتری نہیں آئے گی، حکومت عارضی کی بجائے مستقل اساتذہ کی بھرتی پر انحصار کرے تو بہتر ہوگا۔

یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ محکمہ سکول ایجوکیشن پنجاب نے صوبے بھر کے سرکاری سکولوں کی نجکاری اور انہیں پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ سسٹم کے تحت چلانے کا فیصلہ کیا ہے، ابتدائی مرحلے میں مستقل اساتذہ کی کمی والے سرکاری اسکولوں کو فوری طور پر پرائیویٹ پبلک پارٹنرشپ کے زیر انتظامات کر دیا جائے گا جب کہ محکمہ نے اس عمل کو تیز کرنے کے لیے ایک ہفتے کے اندر ایسے سکولوں کی فہرستیں طلب کی ہیں، اس ضمن مین اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی سہولیات کے بارے میں تفصیلی معلومات فراہم کریں جس میں کلاس رومز، اسٹاف روم، ہال، بند کمرے، عمارت کا کل رقبہ، اور اندراج شدہ طلبا و طالبات کی تعداد شامل ہیں۔

Leave a Comment