ورلڈکپ سے چھٹی؟ عماد وسیم کیلئے بری خبر

ریٹائرڈ آل راؤنڈر عماد وسیم کو 25 مارچ سے کاکول میں آرمی بیس میں تربیتی کیمپ کے لیے زیر غور نہیں لایا گیا۔ تفصیلات کے مطابق قومی سلیکشن کمیٹی کی جانب سے جلد ہی تقریباً 25 کھلاڑیوں کے پول کا اعلان متوقع ہے۔ اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف آئندہ ہوم پانچ میچوں کی T20I سیریز کے لیے اسکواڈ کا انتخاب اسی پول سے کیا جائے گا۔
35 سالہ عماد وسیم کھلاڑیوں کی فہرست میں شامل نہیں ہیں کیونکہ انہوں نے اپنی ریٹائرمنٹ واپس نہیں لی ہے۔ جب تک وہ باضابطہ طور پر اپنی ریٹائرمنٹ واپس نہیں لے لیتے سلیکٹرز ان کے انتخاب کے لیے غور کرنے سے قاصر ہیں۔ یاد رہے کہ عماد وسیم کو پی ایس ایل 9 کے فائنل میں پانچ وکٹیں حاصل کرنے اور بیٹنگ پرفارمنس پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا تھا۔

انہوں نے دوسرے ایلیمنیٹر میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی پشاور زلمی کے خلاف فتح میں بھی اہم کردار ادا کیا، یونائیٹڈ کے لیے میچ جیتنے والے ناقابل شکست 59 رنز بنائے جبکہ پہلے ایلیمینیٹر میں 3/12 کے اعداد و شمار حاصل کیے تھے۔ دوسری جانب بلے باز عثمان خان جو متحدہ عرب امارات منتقل ہوچکے ہیں اور پی ایس ایل 9 میں ملتان سلطانز کے لیے بطور اوورسیز کھلاڑی کھیل رہے تھے انہیں کیمپ میں مدعو کیے جانے کا امکان ہے۔
وہ 164.12 کے اسٹرائیک ریٹ سے 7 اننگز میں 430 رنز بنا کر ٹورنامنٹ کا بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ وہ پی ایس ایل کے ایک ہی ایڈیشن میں دو سنچریاں بنانے والے پہلے بلے باز بھی بن گئے۔ تاہم عثمان خان خود فیصلہ کریں گے کہ وہ کیمپ کا حصہ بننا چاہتے ہیں یا نہیں۔ عثمان نے پہلے یو اے ای کے لیے کھیلنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا لیکن ان کے پاس متحدہ عرب امارات کی ٹیم کے لیے کوالیفائی کرنے میں ابھی 14 ماہ باقی ہیں۔
انہیں پاکستانی اسکواڈ میں شامل کرنے کا فیصلہ ان کی کیمپ میں شرکت کے بعد کیا جائے گا۔ مہران ممتاز اور ابرار احمد جیسے کھلاڑیوں کے بھی کیمپ کا حصہ بننے کی امید ہے۔ پاکستان کے سابق کپتان بابر اعظم اور سینئر کھلاڑیوں کی جانب سے پی ایس ایل 9 کے حالیہ اختتام کو دیکھتے ہوئے تربیتی کیمپ ملتوی کرنے کی درخواست کے باوجود درخواست منظور نہیں کی گئی۔ بابر اور امام الحق عمرے کی ادائیگی کے لیے سعودی عرب روانہ ہو گئے ہیں۔ تربیتی کیمپ عیدالفطر سے عین قبل 8 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا۔

Leave a Comment