ایبٹ آباد(سپورٹس ڈیسک(پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاک فوج کے زیر نگرانی کاکول ایبٹ آباد میں ہونے والے فٹنس کیمپ کے لیے حال میں ریٹائرمنٹ واپس لینے والے آل راؤنڈر عماد وسیم اور فاسٹ باؤلر محمد عامر سمیت 29 کھلاڑیوں کی فہرست کا اعلان کردیا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق کیمپ پاکستان آرمی کے تعاون سے منعقد کیا جائے گا، کیمپ آنے والی سیریز اور ٹورنامنٹس کے لیے کھلاڑیوں کو تیار کرنے کے لیے حکمت عملی کے تحت ڈیزائن کیا گیا ہے۔
آئندہ آنے والی سیریز میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 ہوم سیریز، آئرلینڈ، انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز، اور ویسٹ انڈیز، امریکا میں ہونے والا ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 شامل ہیں۔
پی سی بی نے کہا کہ کیمپ 26 مارچ سے شروع ہوکر 8 اپریل کو اختتام پذیر ہوگا، کھلاڑی آج ہی کیمپ میں رپورٹ کریں گے۔
کرکٹ بورڈ نے کہا کہ کیمپ میں ٹیم کی بہتری پر توجہ مرکوز کی جائے گی جب کہ اس کا مقصد کھلاڑیوں کی جسمانی و ذہنی صلاحیت کو بڑھانا اور اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ وہ آنے والے چیلنجوں کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل تیار ہوں۔
بیان میں کہا گیا کہ ’تجربہ کار ٹرینرز اور کوچز کی زیر نگرانی کھلاڑی جامع تربیتی سیشنز میں حصہ لیں گے، یہ سیشنز کھلاڑیوں کی فٹنس، قائدانہ صلاحیت، میچ کی صورتحال کے مطابق سوچنے اور میدان میں مجموعی کارکردگی کے معیار کو بلند کرنے کے لیے تیار کیے گئے ہیں۔
کیمپ کے لیے طلب کھلاڑیوں میں بابر اعظم، محمد رضوان، صائم ایوب، فخر زمان، صاحبزادہ فرحان، حسیب اللہ، سعود شکیل، عثمان خان، محمد حارث، سلمان علی آغا، اعظم خان اور افتخار احمد شامل ہیں۔
ان کے علاوہ عرفان خان نیازی، شاداب خان، عماد وسیم، اسامہ میر، محمد نواز، مہران ممتاز، ابرار احمد، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عباس آفریدی، حسن علی، محمد علی، زمان خان، محمد وسیم جونیئر، عامر جمال، حارث رؤف اور محمد عامر کو بھی کیمپ میں طلب کیا گیا ہے۔