یونان ،معمولی جھگڑے کے دوران پاکستانی نوجوان قتل، دوسرا زخمی، 25 افراد گرفتار

یونان کے معروف جزیرے میکونوس پر بٹ اور گجر برادریوں کے درمیان تصادم کے دوران 19 سالہ پاکستانی نوجوان کو چاقو کے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔مقتول کی شناخت وقاص کے نام سے ہوئی، جس کا تعلق سیالکوٹ، پاکستان سے تھا۔

یونانی اخبارات کی رپورٹس کے مطابق، یہ واقعہ جزیرے پر ایک نائٹ کلب کے پیچھے پیش آیا، اور اس میں تقریباً 25 پاکستانی شہری شامل تھے، دونوں متاثرین کو چاقو سے وار کیا گیا۔تازہ ترین معلومات سے پتہ چلتا ہے کہ مقامی پولیس نے اس واقعے کے سلسلے میں 20 سے زائد پاکستانیوں کو گرفتار کرلیا۔حراست میں لئے گئے افراد میں سے کم از کم سات کو بندوق، منشیات اور اجنبی قانون کی خلاف ورزیوں کے الزام میں گرفتار کئے جانے کا امکان ہے۔

یہ تصادم بٹ اور گجر برادریوں کے درمیان ایک ہندوستانی لڑکے کے جھگڑے کی وجہ سے ہوا۔ بٹ برادری سے تعلق رکھنے والا نوجوان جان کی بازی ہار گیا، جبکہ ایک اور شخص ہسپتال میں تشویشناک حالت میں ہے۔ذرائع کے مطابق کام کے دوران ذاتی دشمنی جھگڑے کی وجہ بنی تاہم یونانی میڈیا اسے منشیات کے مسئلے کے طور پر اجاگر کر رہا ہے۔پولیس نے میکونوس جزیرے پر مقیم پاکستانی کمیونٹی پر اپنی گرفت مضبوط کر لی۔

7 پاکستانی زیر تفتیش ہیں، جن میں 4 ہندوستانی بھی شامل ہیں، جنہیں اس کیس کے سلسلے میں گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس حکام قتل کے مجرم کی شناخت اور گرفتاری کیلئے جزیرے کے بندرگاہ اور ہوائی اڈے پر چیکنگ کر رہے تھے۔

مقامی سیکورٹی ڈائریکٹوریٹ نے کیس کی ابتدائی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔واقعے کے بعد یونان میں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔کمیونٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے ملک اور کمیونٹی دونوں کی بدنامی ہوتی ہے۔ ان کا مطالبہ ہے کہ اس واقعے میں ملوث تمام افراد کو یونانی قوانین کے مطابق سخت سزا دی جائے۔

Leave a Comment