بلاول بھٹو نے آج پارلیمان کو غلط الفاظ سے نوازا، بیرسٹرگوہر

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر خان نے کہا ہے کہ آج بلاول بھٹو زرداری نے غیر پارلیمانی الفاظ کا استعمال کیا۔

بیرسٹر گوہر نے پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آج بلاول بھٹو زرداری نے بھی فلور پر غیر پارلیمانی الفاظ استعمال کیے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو نے آج پارلیمان کو غلط الفاظ سے نوازا، پی پی چیئرمین کی تربیت واقعی آصف زرداری صاحب نے کی ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے مزید کہا کہ آج اسمبلی اجلاس میں صدر آصف زرداری کے خطاب پر ڈیبٹ جاری تھی، آج 8 بجے تک اجلاس چلنا تھا لیکن بلاول زرداری کے خطاب کے بعد کارروائی ملتوی کردی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ دنیا پر عیاں ہوگیا کہ جمہوریت سے متعلق ان کی بات برائے نام ہے، بلاول بھٹو کی تقریر کے دوران اپوزیشن نے شور شرابہ کیا پھر بھی ڈپٹی اسپیکر نے ان کے الفاظ حذف نہیں کیے۔

بیرسٹر گوہر خان نے یہ بھی کہا کہ ڈپٹی اسپیکر نے ایوان پیپلز پارٹی کے نمائندہ کے طور پر چلایا، ہم جمہوریت آگے لے کر چلانا چاہتے ہیں، وہ ہمیں اشتعال دلانے کی کوشش کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آج فارم 47 سے جیتے ہوئے بلاول زرداری آئے، کل اسمبلی کے فلور پر چیئرمین پی پی کو جواب دیں گے، لیڈر آف اپوزیشن اپنی رائے کا اظہار کرتا ہے۔

پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ خواجہ آصف نے ایوان کی کارروائی کو خراب کرنے کی کوشش کی،جن کو ہم نے جواب دے دیا تھا۔

Leave a Comment