موبائل فون ایک بارپھر مہنگے ہونےکاامکان،وجہ بھی سامنےآگئی

ملک بھر میں قیمتیں کم ہونے کے بعد ایک بار پھر موبائل فون مزید مہنگے ہونے کا خدشہ ہے۔ نجی ویب سائٹ کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ وفاقی حکومت آئندہ بجٹ میں موبائل فون اسمبلی یونٹس پر 18 فیصد سیلز ٹیکس عائد کرے گی۔

رپورٹ کے مطابق فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ساتھ حالیہ ملاقات میں پاکستان موبائل فون مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (پی ایم پی ایم اے) کے ایک وفد نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ ٹیرف میں اضافے سے نہ صرف لوکلائزیشن کا شیڈول متاثر ہوگا اور پاکستان سے موبائل فون کے برآمدی اہداف بھی بری طرح متاثر ہوں گے۔

رپورٹ کے مطابق وفد نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ ملک میں اسمبل تمام موبائل فونز پر 18 فیصد سیلز ٹیکس کے نفاذ سے انڈسٹری کو شدید دھچکا لگے گا۔

موبائل ڈیوائس مینوفیکچرنگ پالیسی 2020 کے تحت، $350 تک کی قیمت والے فون سیٹ کو 18 فیصد سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ ہے، جب کہ اس قیمت کی حد سے زیادہ سیٹ پر مکمل سیلز ٹیکس لاگو ہوتا ہے۔

رپورٹ کے مطابق، ایسوسی ایشن نے نوٹ کیا کہ زیادہ تر مقامی کمپنیاں اس قیمت کی حد کے اندر فون سیٹ اسمبل کرتی ہیں، جو ملک میں استعمال ہونے والے اسمارٹ فونز کا تقریباً 55 فیصد ہے۔

Leave a Comment