انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے پاک بھارت ٹاکرے میں اضافی سیکیورٹی تعینات کرنے کا اعلان کردیا گیا۔
اسپورٹس سے متعلق خبریں شائع کرنے والی ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق یہ اقدام پاک بھارت میچ میں ملنے والے تھریٹ الرٹ کے جواب میں کیا گیا۔ تاہم انتظامیہ کو اس بات کی تصدیق کے لیے کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔
اس حوالے سے نساؤ کاؤنٹی کے ایگزیکٹو بروس بلیکمین نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ کے لیے اضافی سیکیورٹی ہوگی۔ نساؤ کاؤنٹی ہر لحاظ سے تیار ہوگی، پُراعتماد ہیں کچھ بھی نہیں ہو گا۔
بروس بلیکمین کا کہنا تھا کہ ہمارا اپنا نساؤ کاؤنٹی پولیس ڈیپارٹمنٹ ہے جو بڑے ایونٹس کا انتظام کرتا ہے۔ ہماری نیو یارک، اسٹیٹ پارک پولیس ایف بی آئی، پورٹ اتھارٹی پولیس اور ایم ٹی اے پولیس ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ دنیا کا سب سے بڑا میچ ہے، اس دن اضافی سیکیورٹی ہوگی۔ رضا کار فائر فائٹرز نے ذمے داری سنبھال لی ہے۔
خیال رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے نویں ایڈیشن میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 9 جون کو نساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم نیو یارک میں مدِمقابل آئیں گی۔