کھلاڑی “دماغ ” استعمال کرتے تو میچ پاکستان کی گرفت میں تھا ، شعیب اختر کی قومی ٹیم کی کارکردگی پر تنقید

سابق فاسٹ بولر شعیب اختر نے اتوار کو ناساؤ کاؤنٹی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ 2024ء کے مقابلے میں ہندوستان کے ہاتھوں پاکستان کی شکست کے بعد مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ اپنی تازہ ترین یوٹیوب ویڈیو میں شعیب اختر نے بابر اعظم کی ٹیم کی کارکردگی اور ارادے کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کھیل ان کی گرفت میں تھا اگر صرف کھلاڑی “اپنے دماغ کا استعمال” کرتے۔
شعیب اختر نے کہا کہ “بہت مایوس کن دن تھا، یہ پاکستان کے لیے فی بال ایک رن کا ہدف تھا، اس سے پہلے ہندوستان کے مڈل آرڈر نے خراب کھیلا، وہ 11 اوورز میں 80 رنز تھے اور 160 کے قریب حاصل کر سکتے تھے لیکن نہیں کر سکے۔ لیکن پاکستان کے لیے یہ ایک بہترین موقع تھا۔
رضوان مزید 20 رنز بنا کر ٹیم کو میچ جتوا سکتے تھے۔ افسوس کی بات ہے کہ ہم نے اپنا دماغ نہیں لگایا۔
” انہوں نے پاکستانی ٹیم کی جانب سے حکمت عملی پر عملدرآمد نہ کرنے پر مزید افسوس کا اظہار کیا۔ شعیب اختر نے کہا کہ “بہت سی چیزیں قابل اعتراض ہیں، ان کا ارادہ، ایپلی کیشن ، یہ ٹیم کے لیے واقعی افسوسناک ہے۔ پاکستان کو یہ میچ جیتنا چاہیے تھا۔ پاکستان کو 47 گیندوں پر 46 رنز درکار تھے جب فخر زمان کریز پر تھے اور 7 وکٹیں باقی تھیں، لیکن ہم یہ نہیں کر سکے ،میں کچھ بھی کہنے سے قاصر ہوں اور تکلیف میں ہوں”۔
بھارت نے جاری میگا ایونٹ کے اپنے دوسرے میچ میں پاکستان کو چھ رنز سے شکست دے دی۔ امید افزا آغاز کے باوجود پاکستان اپنی ابتدائی برتری کو فتح میں تبدیل نہ کرسکا۔ دوسری جانب منگل کو نیویارک میں جب پاکستان کا مقابلہ کینیڈا سے ہوگا تو پاکستان اپنے پہلے پوائنٹس حاصل کرے گا۔ گروپ اے کا اگلا میچ منگل 11 جون کو پاکستان اور کینیڈا کے درمیان نیویارک میں ہے۔

Leave a Comment