اس ہفتے کاروں کی دنیا میں نئی نت نئی گاڑیوں کے مقابلے منعقد کیے گئے ہیں اور کئی نئے ماڈلز دنیا کے سامنے پیش کیے گئے ہیں۔
اس ضمن میں سب سے بڑی خبر بگاٹی کے نئے ماڈل کی ہے جس کی قیمت 4.1 ملین ڈالر سے تجاوز کر چکی ہے۔
یہ نئی کار، جسے ‘ٹوربیلن’ کا نام دیا گیا ہے، 2026 ءمیں مارکیٹ میں دستیاب ہوگی اور یہ دنیا کی مہنگی ترین کار بننے جا رہی ہے۔
بگاٹی نے فرانس کے مولسلمے میں منعقدہ ایک تقریب میں ‘ٹوربیلن’ کے نام سے اپنا نیا ماڈل متعارف کرایا۔
کمپنی کا منصوبہ ہے کہ وہ اس ماڈل کی صرف 250 گاڑیاں تیار کرے گی۔
یہ کار ایک ہائبرڈ انجن کے ساتھ پیش کی جا رہی ہے جو بیٹری پر 60 کلومیٹر تک چل سکتی ہے۔
بگاٹی کی یہ نئی کار موجودہ ماڈل ‘چیرون’ سے بھی زیادہ تیز ہونے کی توقع ہے، جو فی الحال 482.8 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار کے ساتھ تیز ترین ماڈل ہے۔
ٹوربیلن صفر سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار صرف دو سیکنڈ میں حاصل کر لیتی ہے، جبکہ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ یہ کار پانچ سیکنڈ سے بھی کم وقت میں 200 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار تک پہنچ جائے گی۔
اس نئی گاڑی کا ڈیزائن بھی نہایت منفرد اور جدید ہے۔ کار کے دروازے اوپر کی جانب کھلتے ہیں، جس سے ٹوربیلن میں داخل ہونا اور باہر جانا آسان ہو جاتا ہے۔
ڈیش بورڈ پر ایک چھوٹی اسکرین نصب کی گئی ہے جو صرف اس وقت کھلتی ہے جب ڈرائیور اسے کھولنا چاہے۔
اسکرین کے ارد گرد کے بٹن ایلومینیم اور کرسٹل سے بنے ہیں، جو کار کو ایک خاص شاندار احساس دیتے ہیں۔