ٹی20 ورلڈکپ: افغانی اوپنرز نے بابراعظم، محمد رضوان کا ریکارڈ توڑدیا

افغانستان کے اوپنرز ابراہیم زدران اور رحمان اللہ گرباز نے پاکستانی کپتان بابراعظم اور محمد رضوان کا پارٹنرشپ کا ریکارڈ توڑ دیا۔

 افغان اوپننگ جوڑی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے کسی ایک ایڈیشن میں سب سے زیادہ شراکت داری کرنے والی جوڑی بن گئی ہے۔ انہوں نے بنگلا دیش کے خلاف سپر 8 میچ میں یہ ریکارڈ قائم کیا۔

 

اس سے قبل 2021 کے ورلڈکپ میں پاکستانی کپتان بابراعظم اور محمد رضوان نے بطور اوپنگ پارٹنر 411 رنز بنائے تھے۔

 

افغانستان کی اوپنگ جوڑی ابراہیم زدران اور رحمن اللہ گرباز نے اس ورلڈکپ میں شراکت میں 442 رنز بنا کر یہ ریکارڈ اپنے نام کیا ہے۔

 

افغان جوڑی ورلڈکپ کے ایک ہی ایڈیشن میں 4 ففٹی پلس پارٹنرشپ اسکور کرنے والی جوڑی بھی بن گئی ہے۔

 

ان کے ساتھ تین سنچری پارٹنرشپ بھی ہوچکی ہیں، جو کہ ایک ورلڈکپ ایڈیشن کا ریکارڈ ہے۔

 

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ کے سپر ایٹ مرحلے کے اہم میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کو 8 رنز سے شکست دے کر پہلی بار سیمی فائنل میں جگہ بھی بنالی ہے۔

 

ویسٹ انڈیز کے کنگز ٹاؤن میں کھیلے جا رہے میچ میں افغانستان نے بنگلادیش کیخلاف ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ افغانستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 115 رنز اسکور کیے۔

 

کپتان راشد خان 19 رنز بنا کر نمایں رہے۔ ابراہیم زردان 18 اور عظمت اللّٰہ عمر زئی 10 رنز بناسکے۔

 

بنگلادیش کی جانب سے رشاد حسین نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ مستفیض الرحمان اور تسکین احمد نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

 

ڈی ایل ایس میتھڈ کے تحت 19 اوورز میں 114 رنز کے ہدف کے تعاقب میں بنگلا دیش کی پوری ٹیم 18 ویں اوور میں 105 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ لٹن داس کی 54 رنز کی ناقابل شکست اننگز بھی بنگلا دیش کو فتح سے ہمکنار نہ کراسکی۔

 

لٹن داس کے علاوہ کوئی بھی بنگلا دیشی بلے باز قابل ذکر کار کردگی نہ دکھا سکا۔ افغانستان کے کپتان راشد خان اور نوین الحق نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔

 

یاد رہے بنگلا دیش کو سیمی فائنل میں کوالیفائی کرنے کیلئے 116 رنز کا ہدف 12.1 اوور میں حاصل کرنا تھا۔

Leave a Comment