ویرات کوہلی کا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان۔ تفصیلات کے مطابق بھارت کو ٹی ٹوئنٹی کا عالمی چیمپئن بنوانے کے بعد ویرات کوہلی نے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ کو خیرباد کہتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ آج میں نے بھارت کیلئے اپنا آخری ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا، وقت آ گیا ہے کہ اب نوجوانوں کو موقع دیا جائے۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے شہر باباڈوس میں بھارت ٹی ٹوئنٹی کا نیا عالمی چیمپئن بن گیا۔ ہفتے کے روز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کے سلسلے میں بھارت اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں فائنل کیلئے بارباڈوس میں مدمقابل آئیں۔ بھارت کے کپتان روہت شرما نے ٹاس جیتنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ روہت شرما نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کیلئے سازگار ہے اسی لیے پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی۔
انہوں نے بتایا کہ بھارت کی ٹیم میں فائنل کیلئے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ جبکہ جنوبی افریقہ کے کپتان ایڈم مارکرم نے کہا کہ اگر وہ بھی ٹاس جیتتے تو پہلے بیٹنگ کو ہی ترجیح دیتے۔ ٹاس جیتنے کے بعد بھارت نے اننگ کا جارحانہ آغاز کیا تاہم بھارت کی 3 وکٹیں جلد ہی گر گئیں جس کے بعد ویرات کوہلی نے ذمے دارانہ نصف سینچری اور اکشر پٹیل نے جارحانہ اننگز کھیل کر بھارت کا اسکور 176 رنز تک پہنچانے میں اہم کردار ادا کیا۔
جواب میں جنوبی افریقہ ہنرک کلاسن کی دھواں دار نصف سینچری کے باوجود بھی فتح حاصل نہ کر سکا۔ جنوبی افریقہ کو آخری 4 اوورز میں محض 26 رنز درکار تھے، تاہم پروٹیز بلے باز آخری 4 اوورز میں صرف 18 رنز بنا سکے، یوں بھارت نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ 2024 کا فائنل 7 رنز سے اپنے نام کر لیا۔ واضح رہے کہ دونوں ٹیمیں اب تک ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہی تھیں۔
یہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ورلڈکپ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا کہ دونوں فائنلسٹ ٹیمیں فائنل سے قبل پورے ٹورنامنٹ میں ناقابل شکست رہیں۔ بھارت کے ویرات کوہلی فائنل کے سب سے بہترین جبکہ جسپریت بمراہ ٹورنامنٹ کے سب سے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔