بھارتی بلے باز سوریا کمار یادوو نے کہا کہ روہت شرم میرے مقابلے میں تھوڑے فاصلے پر تھے اس لیے کیچ لینے کا فیصلہ کیا، یہ سب کچھ 4 سے 5 سیکنڈ میں ہوا۔
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سوریا کمار یادوو نے کہا کہ روہت شرما بھی لانگ آن پر فیلڈنگ پر موجود تھے، جیسے ہی گیند ہماری طرف آئی تو ہم دونوں نے چند لمحات کے لیے ایک دوسرے کی جانب دیکھا، جس کے بعد میں نے گیند کی طرف دوڑ لگائی۔
انہوں نے کہا کہ اگر روہت شرما تھوڑا سا قریب ہوتے تو یہ کیچ لینے کی کوشش نہیں کرتا، تاہم وہ میرے مقابلے میں تھوڑے فاصلے پر تھے جس کے بعد 4 سے 5 سیکنڈ میں اس کیچ کو لینے کا فیصلہ کیا، اس سارے لمحات کی وضاحت الفاظ میں نہیں کرسکتا، مجھے یقین تھا کہ باؤنڈری لائن پر ڈیوڈ ملر کا کیچ پکڑتے ہوئے رسی کو نہیں چھوا تھا۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک شفاف کیچ تھا اور میں مطمئن تھا کہ میرا پاؤں رسی کو نہیں چھوا، البتہ جب کیچ پکڑنے کے بعد دوبارہ گیند کو اچھالا تو ڈر تھا کہیں باؤنڈری کے اندر پاؤں رکھتے ہوئے گیند میرے ہاتھ میں تو نہیں تھی، لیکن ایسا نہیں ہوا۔
سوریا کمار یادوو نے کیچ کا کریٹڈ فیلڈنگ کوچ کو دیتے ہوئے کہا کہ میری حوصلہ افزائی کی بدولت ہی یہ کیچ پکڑنے میں کامیاب رہا، اگر چھکا ہوجاتا تو ہم پھر بھی شاید میچ جیت جاتے لیکن اس وقت صورتحال مختلف ہوجاتی۔
یاد رہے کہ جنوبی افریقہ کو ٹی 20 ورلڈکپ فائنل کے آخری اوور میں 15 رنز چاہیے تھے۔ بھارتی آل راؤنڈر ہاردک پانڈیا کی پہلی ہی گیند پر ڈیوڈ ملر نے زور دار ہٹ لگائی لیکن سوریا کمار یادوو نے مہارت سے چھکے کو کیچ میں تبدیل کر کے پروٹیز کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔
واضح رہے گزشتہ کئی روز سے سوشل میڈیا پر کیچ سے متعلق بحث کا سلسلہ جاری ہے کہ آیا یہ کیچ کلیئر تھا یا نہیں۔ ویڈیو میں سوریا کمار کے کیچ پکڑتے وقت دو باتیں سامنے آئیں جس میں پہلی بات تو یہ ہے کہ باؤنڈری لائن کی رسی اپنے مقام سے پیچھے تھی اور دوسرا یہ کہ بظاہر ایسا نظر آ رہا ہے کہ کیچ تھامتے ہوئے سوریا کمار کا پاؤں رسی کو چھوا تھا۔