شہریوں کو مفت سولر سسٹم کی فراہمی کا منصوبہ

پنجاب حکومت نے مستحق شہریوں کو مفت سولر سسٹم فراہم کرنے کے لیے پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی سے تفصیلات طلب کر لی ہیں۔
اس منصوبے کا نام “روشن گھرانہ” ہے، جس کے تحت سولر سسٹم مفت فراہم کیا جائے گا۔
حکومت پنجاب نے متعلقہ محکمے کو ہدایت دی ہے کہ وہ مستحق افراد کی تفصیلات دوبارہ فراہم کرے۔
اس منصوبے کے تحت سولر پینل فراہم کرنے کے لیے قرعہ اندازی کی جائے گی۔
 پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (پی آئی ٹی بی) روشن گھرانہ منصوبے کی بیلٹنگ کی ذمہ دار ہوگی، جبکہ 50 ہزار گھرانوں کی تصدیق کی ذمہ داری ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن پر ہوگی۔
شہری اپنے شناختی کارڈ اور بجلی کے بل کا ریفرنس نمبر 8800 پر بھیج کر رجسٹریشن کروا سکتے ہیں۔
پی آئی ٹی بی کامیاب افراد کی فہرست متعلقہ اضلاع کو فراہم کرے گا، جنہیں پنجاب حکومت سولر پینل فراہم کرے گی۔
روشن گھرانہ منصوبے پر عملدرآمد کے لیے پی آئی ٹی بی، پی آئی ٹی سی، اور این ٹی سی کے درمیان معاہدے کی منظوری چیف منسٹر پنجاب سے طلب کی گئی تھی۔ چیرمین پی اینڈ ڈی بورڈ نبیل اعوان کی سربراہی میں صوبائی ترقیاتی ورکنگ پارٹی اجلاس نے اس منصوبے کی منظوری موخر کر دی تھی تاکہ صارفین کے مصدقہ کوائف دوبارہ حاصل کیے جا سکیں۔
پنجاب حکومت نے پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے قیام تک سی ای او پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی کو بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر کام کرنے کی اجازت دی ہے۔ اس منصوبے کی کنسلٹنسی پر پانچ کروڑ 10 لاکھ روپے خرچ کیے جانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔
معاہدے کے مطابق نیشنل ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی (این ٹی سی) رجسٹریشن اور ڈویلپمنٹ کی ذمہ دار ہوگی۔ پی آئی ٹی سی کو ڈسکوز کی بنیاد پر اعداد و شمار فراہم کرنے کی ذمہ داری ہوگی جبکہ این ٹی سی سولر سسٹم حاصل کرنے کے اہل صارفین کے درست اعداد و شمار فراہم کرنے کی ذمہ دار ہوگی۔
اس معاہدے کی مدت ایک سال ہوگی اور فریقین ایک دوسرے کی مرضی سے معاہدے کی شقوں میں تبدیلی کر سکیں گے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے روشن گھرانہ منصوبے کی لاگت تقریباً 10 ارب روپے ہوگی، جو ستمبر 2025 تک مکمل ہوگا۔ حکومت کے کسی اور منصوبے سے مستفید ہونے والے شہری روشن گھرانہ سکیم سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
خراب میٹر والے گھروں اور ایک سے زائد بجلی کے میٹر لگوانے والے گھروں کو بھی اس منصوبے سے مستفید ہونے کی اجازت نہیں ہوگی جبکہ بجلی کے بلز کے نادہندگان بھی روشن گھرانہ منصوبے سے فائدہ نہیں اٹھا سکیں گے۔
پاور انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپنی سے صارفین کا ڈیٹا اور اعداد و شمار حاصل کیے جائیں گے تاکہ مستحق افراد کی درست معلومات فراہم کی جا سکیں۔

 

Leave a Comment