پی سی بی نے گلوبل ٹی ٹونٹی کیلئے بابر، شاہین اور رضوان کا این او سی روک لیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے کینیڈا کے گلوبل ٹی ٹونٹی کے لیے کپتان بابر اعظم، شاہین آفریدی اور محمد رضوان کا نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ (این او سی) روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق کرکٹرز نے لیگ کے لیے این او سی کی درخواست کی ہے جب کہ پی سی بی نے گلوبل ٹی ٹوئنٹی کے الحاق کے حوالے سے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) سے رابطہ کیا ہے۔

 

این او سی پر فیصلہ آئی سی سی کی وضاحت کے بعد کیا جائے گا۔ واضح رہے کہ پاکستان کے سات اسٹارز کو ٹیموں نے جی ٹی ٹوئنٹی کے لیے چنا تھا۔ ان میں بابر، رضوان، شاہین، آصف علی، محمد عامر، افتخار احمد اور محمد نواز شامل ہیں۔ بابر، آصف، عامر اور رضوان وینکوور نائٹس کی جانب سے کھیلنے جا رہے ہیں۔ شاہین اور نواز ٹورنٹو نیشنلز کی نمائندگی کرنے جا رہے ہیں اور افتخار بنگلہ ٹائیگرز مسی ساگا کا حصہ ہوں گے۔

 

اس سے قبل منگل کو پی سی بی نے دنیا بھر کی مختلف لیگز میں شرکت کے لیے 12 کھلاڑیوں کو این او سی جاری کیا تھا۔ فہرست میں شامل کچھ کھلاڑی پاکستان کے سینٹرل کنٹریکٹ کا حصہ ہیں جب کہ دیگر کافی عرصے سے گرین شرٹس کے لیے نہیں کھیلے ہیں۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ پی سی بی کی پالیسی ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ یافتہ کھلاڑی دو سے زیادہ لیگز نہیں کھیل سکتے۔ اسی وجہ سے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان ایل پی ایل سے دستبردار ہوگئے کیونکہ انہیں بورڈ سے این او سی نہیں مل سکا۔ اعظم خان ایل پی ایل سائیڈ بی-لو کینڈی کا حصہ تھے۔ صائم ایوب اور اعظم بھی آئندہ سی پی ایل 2024ء کے لیے گیانا واریئرز کا حصہ ہیں لیکن دونوں نے ابھی تک پی سی بی سے این او سی حاصل نہیں کیا ہے۔

Leave a Comment