پیٹرولیم اور گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں نے اگلے تین سالوں میں پاکستان میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
پیٹرولیم اور گیس کے ذخائر کی تلاش کے دوران دو سو چالیس مقامات پر ڈرل کی جائے گی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کے لیے پرکشش پالیسی کے لیے تجاویز مرتب کرنے کے لیے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی۔
ہفتہ کو اسلام آباد میں پیٹرولیم اور گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کے وفد سے ملاقات کے دوران انہوں نے کہا کہ تیل اور گیس کے ملکی ذخائر کی تلاش حکومت کی ترجیح ہے۔
انہوں نے پیٹرولیم اور گیس کی تلاش اور پیداواری کمپنیوں کو آف شور ذخائر کی تلاش کی دعوت دی۔ انہوں نے کہا کہ مقامی ذخائر سے پیداوار سے ملک کے قیمتی زرمبادلہ کی بچت ہوگی اور عام آدمی کے لیے تیل اور گیس سستی ہوگی۔
وزیراعظم شہبازشریف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ شعبہ کو درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے۔