برطانیہ میں جاری ورلڈ چیمپئین شپ آف لیجنڈز ٹورنامنٹ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان یونس خان نے ریٹائرڈ کرکٹرز کے قومی ٹیم کے کھلاڑیوں سے زیادہ فٹ ہونے کےحوالے سے تمام دعووں کو مسترد کردیا۔
گذشتہ روز کھیلے جانے والے میچ میں روایتی حریف بھارت کو بڑے مارجن سےشکست دینے کے بعد کپتان یونس خان سے صحافی نے سوال کیا کہ ریٹائرڈ کرکٹرز پر مشتمل پاکستان چیمپئنز کی موجودہ کرکٹرز سے زیادہ فٹ نظر آتی ہے؟۔
اس سوال پر یونس خان نے صحافی کو جواب دیا کہ ایسا نہیں! ہماری موجودہ ٹیم بہت فٹ ہے، جب کوئی ٹیم نہیں جیتتی تو ایسی باتیں کہی جاتی ہیں اور شکست خوردہ ٹیم پر ملبہ گرانا آسان ہوتا ہے،
یہی وجہ ہے کہ لوگ لیجنڈز کی پرفارمنس کو دیکھ کر خوش ہیں اور ہمارے بارے میں مثبت بات کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ان کا مقصد ٹورنامنٹ جیتنا اور اپنے مداحوں کو خوش کرنا ہے، حالیہ ورلڈکپ میں پاکستانی ٹیم کی خراب کارکردگی کے بعد بہت سے شائقین مایوس ہیں، جنہیں ہم دوبارہ کھیل کی طرف راغب کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
گذشتہ روز پاکستان چیمپیئنز نے ٹورنامنٹ میں اپنی مسلسل تیسری فتح حاصل کی تھی، روایتی حریف بھارت کو 68 رنز کے بڑے مارجن سے شکست دیکر قومی ٹیم ٹورنامنٹ کی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرچکی ہے۔
پاکستا ن چیمپئنز کی شاندار پرفارمنس کو دنیا بھر یں پاکستانی شائقین کیجانب سے خوب سراہا جارہا ہے ،پاکستانی مداحوں کی جانب سے تو یہ مطالبہ کیا جارہا ہے کہ آئندہ آنے والے ایونٹس میں بھی اسی ٹیم کو بھیج دیا جائے۔