پاکستان کے مڈل آرڈر بلے باز عمر اکمل نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق کپتان مصباح الحق کی جانب سے آئی سی سی مینز ون ڈے ورلڈ کپ 2011ء کے سیمی فائنل کے دوران ہندوستان کیخلاف “سٹرائیک روٹیٹ” کرنے کا مشورہ ان کے آئوٹ ہونے کا باعث بنا۔ نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے عمر اکمل نے شاہد آفریدی کی کپتانی میں پاکستان کی ورلڈ کپ مہم کی یاد تازہ کی۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ٹیم اپنے پچھلے میچوں سے ٹھوس منصوبہ بندی اور رفتار رکھتی ہے۔ عمر اکمل نے کہا کہ ہم نے پورے ورلڈ کپ کے لیے منصوبہ بندی کر رکھی تھی۔ شاہد بھائی کپتان تھے اور ہم نے اپنے پچھلے میچوں سے فارم حاصل کی تھی۔ سیمی فائنل کے دوران مصباح الحق کے ساتھ اپنی شراکت کی عکاسی کرتے ہوئے وکٹ کیپر بلے باز نے بتایا کہ وہ کریز پر اپنی فارم تلاش کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ جیسے ہی میں اندر گیا مجھے گیندیں ملنا شروع ہو گئیں جن پر میں بائونڈریاں مار سکتا تھا۔ مصباح بھائی میرے ساتھ بیٹنگ کر رہے تھے۔ جب ہربھجن سنگھ باؤلنگ کرنے آئے تو مصباح نے مجھے کہا کہ اسے آہستہ سے کھیلو اور پھر اگلے اوور میں مارنا شروع کر دو۔ سپنر پر حملہ کرنے کے اپنے اعتماد کے باوجود مصباح نے ان پر زور دیا کہ وہ محتاط رہیں اور اسٹرائیک روٹیٹنگ جاری رکھیں کیونکہ ہندوستانی باؤلرز پہلے ہی دباؤ میں تھے۔
عمر اکمل نے کہا کہ ’ مصباح الحق نے کہا کہ ہمیں جلدی نہیں کرنی چاہیے اور سٹرائیک روٹیٹنگ کرتے رہنا چاہیے۔ ایسا کرتے ہوئے میں نے ہربھجن سنگھ کی آرم بال کو غلط پڑھا اور کلین بولڈ ہو گیا۔” غور طلب ہے کہ مین ان گرین کو بالآخر 2011ء ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں ہندوستان کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی، وہ 50 اوورز میں 261 کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 231 رنز پر آؤٹ ہو گئی تھی۔