سترہ سال قبل، فوٹوگرافر جان مونفرٹ نے ایک فٹبال تقریب کے دوران لیونل میسی کی تصویر کھینچی۔ میسی اس وقت ایک ابھرتے ہوئے فٹ بالر تھے۔
ان دنوں میسی کی عمر محض 20 برس تھی اور وہ ارجنٹائن کی نیشنل ٹیم اور فٹبال کلب بارسلونا کے لیے کھیل رہے تھے۔
جان مونفرٹ کو یقین تھا کہ ایک دن میسی دنیا کے بڑے فٹ بالرز میں شمار ہوں گے، لیکن انہیں یہ معلوم نہیں تھا کہ میسی کے ہاتھوں نہلایا گیا کمسن بچہ بھی مستقبل کا اسٹار بنے گا۔
یہ تصویر ان دنوں سوشل میڈیا پر وائرل ہے جس میں میسی کو ایک چار ماہ کے بچے کو نہلاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔
یہ تصویر 2007 ءمیں لی گئی تھی جب ایک فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم کے دوران میسی نے اس بچے کو نہلایا۔
یہ تقریب یونیسیف اور مقامی اخبار ڈائیورو اسپورٹس کے تعاون سے اسپین کے قصبے ماتارو میں منعقد ہوئی تھی۔ اس وقت میسی فنڈ اکٹھا کرنے کی مہم کے لیے وہاں موجود تھے۔
بچے کی شناخت:
سترہ سال بعد، وہ بچہ جسے میسی نے نہلایا تھا، آج اسپین کی نیشنل ٹیم کا حصہ ہے اور جرمنی میں جاری ورلڈ یورپیئن چیمپئن شپ کھیل رہا ہے۔
یہ بچہ لمائن یمل ہے، جو یورپیئن چیمپئن شپ میں سب سے کم عمر کھلاڑی ہونے کا اعزاز رکھتے ہیں۔ لمائن کی عمر اس وقت 16 برس ہے اور وہ اسپین کے بہترین کھلاڑیوں میں شمار ہو رہے ہیں۔
لمائن یمل نے اپنی شاندار کارکردگی کی بنا پر اسپین کی ٹیم کو یورپیئن چیمپئن شپ کے سیمی فائنل میں پہنچا دیا ہے۔ ان کا مقابلہ منگل کی شب پاکستانی وقت کے مطابق 12 بجے فرانس سے ہوگا۔ لمائن کی کامیابیوں نے انہیں نہ صرف اسپین بلکہ دنیا بھر میں مشہور کردیا ہے۔
والد کی انسٹاگرام پوسٹ:
گذشتہ ہفتے، لمائن یمل کے والد نے انسٹاگرام پر اپنے بیٹے کے بچپن کی میسی کے ساتھ تصویر شیئر کی۔ اس تصویر کے کیپشن میں لکھا گیا، “دو لیجنڈز کی ابتدا”، جس کے بعد یہ تصویر تیزی سے وائرل ہو گئی۔ یہ تصویر جب فوٹوگرافر مونفرٹ تک پہنچی تو انہیں معلوم ہوا کہ میسی کے ہاتھوں نہلایا گیا بچہ آج اسپین کا اسٹار فٹ بالر بن چکا ہے۔
جان مونفرٹ کا ردعمل:
جان مونفرٹ 1991 ء سے اسپورٹس فوٹوگرافر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اپنی تصاویر پر پہلے کبھی اتنی خوشی نہیں ہوئی جتنی میسی اور یمل کی اس تصویر پر ہو رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس تصویر کے پیچھے ایک دلچسپ کہانی ہے۔ فوٹو شوٹ کے دوران کم سن بچے کو ایک باتھ ٹب میں نہلانا تھا اور یہ کام بچے کی والدہ اور میسی کو سرانجام دینا تھا۔
مونفرٹ کے مطابق، میسی بہت شرمیلے تھے اور انہیں بچوں کو نہلانے یا اٹھانے کا علم نہیں تھا۔
مونفرٹ کی خوشی:
جان مونفرٹ نے کہا کہ وہ اس تصویر کی مقبولیت سے بےحد خوش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک نایاب لمحہ تھا جب ایک ابھرتے ہوئے فٹ بالر نے ایک کمسن بچے کو نہلایا اور آج وہی بچہ ایک اسٹار فٹ بالر بن گیا۔ مونفرٹ نے کہا کہ یہ تصویر ان کی فوٹوگرافی کے کیریئر کی ایک خاص یادگار ہے۔
یہ کہانی لیونل میسی کی عظمت اور لمائن یمل کی کامیابیوں کی ایک خوبصورت مثال ہے۔ میسی نے جہاں اپنی محنت اور لگن سے دنیا میں اپنا نام بنایا، وہیں یمل نے بھی اپنی صلاحیتوں سے دنیا کو حیران کر دیا۔
اس تصویر نے ناصرف ماضی کی یادوں کو تازہ کیا بلکہ مستقبل کی روشن امیدوں کو بھی ظاہر کیا ہے۔